یاسر شاہ کو دبئی میں شاندار کارکردگی کا صلہ مل گیا

اسپنر نے9 درجے کی اڑان بھرتے ہوئے بولنگ رینکنگ میں دسواں نمبر سنبھال لیا۔

عباس کی تیسری پوزیشن محفوظ،بیٹنگ میں اظہر علی12ویں درجے پرپہنچ گئے۔ فوٹو:فائل

یاسر شاہ کو دبئی ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا صلہ مل گیا۔

نیوزی لینڈ سے دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے شاندار کارکردگی دکھائی،انھوں نے184رنزکے عوض ریکارڈ 14 وکٹیں حاصل کیں۔ اسپنر 9 درجے کی زبردست چھلانگ لگا کر ٹاپ 10میں ایک بار پھر انٹری دیتے ہوئے دسواں نمبر سنبھال چکے ہیں۔


تیسرے ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی ایک اور اچھی پرفارمنس مزید ترقی کا باعث بن سکتی ہے۔ بولرز رینکنگ میں ہی جنوبی افریقی پیسر کاگیسو ربادا نے انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن سے ٹاپ پوزیشن چھین لی، محمد عباس بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کی 2درجہ تنزلی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پیٹ کمنز اور ایشون ایک ایک درجہ ترقی پاکر بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر پہنچ گئے۔

آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن کی ٹاپ پوزیشن بھی خطرے سے باہر ہے۔ بیٹنگ رینکنگ میں اظہر علی 3 درجے ترقی پاکر اب 12 واں نمبر سنبھال چکے، دبئی میں سنچریاں اسکور کرنے والے حارث سہیل کو ایک ساتھ 33 درجے کی جست نے اب 38 ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے، بابر اعظم 24 درجے کی اڑان بھر کر 39 ویں نمبر پر براجمان ہوچکے۔ 2 درجے ترقی سے اسد شفیق بھی اب 21 ویں پوزیشن پا چکے ہیں، بیٹنگ چارٹ کے ٹاپ پر بدستور بھارتی کپتان ویرات کوہلی ہی براجمان ہیں۔
Load Next Story