چیمپئنز ٹرافی فاتح بھارت آج ویسٹ انڈیز کے مقابل

میزبان کیریبیئن سائیڈ دھونی الیون کی کامیابی کا نشہ اتارنے کیلیے تیار


Sports Desk June 30, 2013
میزبان کیریبیئن سائیڈ دھونی الیون کی کامیابی کا نشہ اتارنے کیلیے تیار۔ فوٹو: فائل

ٹرائنگولر سیریز میں اتوار کو ویسٹ انڈیز کا مقابلہ بھارت سے ہوگا، میزبان سائیڈ دھونی الیون کی چیمپئنز ٹرافی فتح کا خمار اتارنے کو تیار ہے۔

سری لنکا پر ابتدائی میچ میں کامیابی سے کیریبیئنز کے حوصلے بلند ہوگئے، دوسری جانب بھارت بھی فتوحات کا سلسلہ دراز کرنے کیلیے پرعزم ہے، دھونی نے اپنے پلیئرز کو خبردار کیا ہے کہ انھیں کامیابی کیلیے سہل پسندی سے اجتناب کرنا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی کے پورے ایک ہفتے بعد بھارتی ٹیم ایک بار پھر میدان میں اتررہی ہے اس کا مقابلہ ٹرائنگولر سیریز کے میزبان ویسٹ انڈیز سے ہے جس کو وہ 8 ملکی ٹورنامنٹ کے گروپ میچ میں شکست سے دوچار کرچکا ہے مگر اب کنڈیشنز اور ماحول یکسر مختلف ہے، بھارتی ٹیم کیلیے سب سے بڑا چیلنج فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنا ہوگا اور یہی چیز کپتان دھونی کے بھی پیش نظر ہیں۔



ان کا کہنا ہے کہ ہمارے سب سے ضروری یہ بات ہے کہ ہم بہت آگے دیکھنے سے گریز کرتے ہوئے صرف سیریز درسیریز ہی توجہ دیں، ہم انگلینڈ میں ایک بڑا آئی سی سی ٹورنامنٹ جیت کرآئے اور اب ہماری توجہ ٹرائنگولر سیریز پر مرکوز ہے، ہمیں اس میں سہل پسندی کا شکار ہونے کے بجائے اپنی عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز نے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو 6 وکٹ سے شکست دے کر اپنے حوصلے بلند کرلیے ہیں، پلیئنگ الیون میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔ کپتان ڈیوائن براوو کا کہنا کہ بھارتی ٹیم کافی خطرناک اور فتح کیلیے پوری جان لڑائے گی، دونوں ہی ٹیموں کی بیٹنگ اور بولنگ مضبوط ہے اس لیے یہ مقابلہ کافی کانٹے دار رہنے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی فتوحات میں اوپنر دھون اور آل راؤنڈر روندرا جڈیجا نے اہم کردار ادا کیا تھا دونوں کو بیٹنگ اور بولنگ چارٹ میں ٹاپ پر رہنے کی وجہ سے بالترتیب سونے کے بیٹ اور بال سے نوازا گیا تھا۔ واضح رہے کہ پہلے میچ کی طرح اس بار بھی بارش کی پیش گوئی موجود ہے کیونکہ یہ یہاں پر بارشوں کا سیزن ہے مگر اس کے باوجود پہلے میچ میں موسم نے کوئی مداخلت نہیں کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں