15 برس بعد انگلش خاتون پلیئر کی چوتھے راؤنڈ میں رسائی

1998 میں سام اسمتھ کے بعد لیورا رابسن اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں، مرے بھی پری کوارٹر فائنل میں داخل

1998 میں سام اسمتھ کے بعد لیورا رابسن اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں، مرے بھی پری کوارٹر فائنل میں داخل۔ فوٹو: فائل

لیورا رابسن 1998 کے بعد ومبلڈن کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے والی پہلی انگلش پلیئر بن گئیں۔

انھوں نے کیوی حریف مارینا ایراکووک کو ٹھکانے لگادیا، مینز سنگلز میں برطانوی اسٹار اینڈی مرے بھی پری کوارٹر فائنل میں داخل ہوگئے، لوکاس کوبوٹ اور کینی ڈی شیپرز کی حیران کن فتوحات کا سلسلہ بھی جاری ہے، ویمنز سنگلز میں پیٹرا کیوٹوا اور روبریٹا ونسی نے تیسرا مرحلہ عبور کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ومبلڈن میں لیورا رابسن 1998 کے بعد ومبلڈن کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے والی پہلی انگلش پلیئر بن گئیں، انھوں نے کیوی حریف مارینا ایراکووک کو ٹھکانے لگادیا، ابتدائی سیٹ 1-6 سے ہارنے کے بعد دوسرے سیٹ میں بھی 3-5 کا خسارے کا سامنا کرنے کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے انھوں نے مقابلہ 7-5 اور 6-3 سے اپنے نام کرلیا۔




19 سالہ رابسن سے 15 برس قبل 1998 میں سام اسمتھ نے ومبلڈن پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی آخری برطانوی خاتون کھلاڑی بنی تھیں، سردست عالمی درجہ بندی میں 38ویں پوزیشن پر فائز رابسن ایونٹ کے بعد دنیا کی 30 صف اول پلیئرز میں شامل ہوجائیں گی،ان سے قبل عالمی رینکنگ میں جو ڈیوری نے اپریل 1987 میں یہ مقام حاصل کیا تھا، دیگر ویمنز سنگلز تیسرے راؤنڈ میچزمیں اطالوی پلیئر روبریٹا ونسی نے سلواکین حریف ڈومنیکا سبولکوا کو 6-1،6-4 سے مات دے دی، امریکا کی سلونی اسٹیفنز نے جمہوریہ چیک کی پیٹرا سیٹکوسکووا کو 7-6، 0-6 اور 6-4 سے قابو کرلیا، روس کی ایکٹرینا ماکارووا کو پیٹرا کیوٹوا نے 6-3، 2-6 اور 6-3 سے ٹھکانے لگادیا۔

دوسری جانب مینز سنگلز میں برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے بھی چوتھے راؤنڈ میں نشست پالی، انھوں نے اسپین کے ٹومی روبریڈو کو 6-2، 6-4 اور 7-5 سے قابو کیا، پولینڈ کے لوکاس کوبوٹ نے تیسرے راؤنڈ میں فرانس کے 25 سیڈ بینوئٹ پائر کو بھی ٹھکانے لگادیا، ان کی جیت کا اسکور 6-1، 6-3 اور 6-4 رہا، ورلڈ نمبر80 کینی ڈی شیپرز نے ارجنٹائن کے معروف پلیئر جوآن مناکو کیخلاف 6-4، 7-6(10/8) اور 6-4 سے غیرمتوقع کامیابی حاصل کرلی، وہ اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ کسی بڑے ایونٹ کے راؤنڈ 16 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

کوبوٹ نے اس سے قبل 2011 میں بھی چوتھے راؤنڈ تک رسائی پائی تھی، ان کے ہموطن جیرزی جینووچ بھی راؤنڈ 16 میں داخل ہوچکے ہیں اس طرح یہ پہلا موقع ہے جب دو پولش پلیئرز کسی گرینڈ سلم کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچے ہیں۔
Load Next Story