برازیل ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک کیلیے پرعزم آج اسپین سے ٹاکرا

ماریکانا اسٹیڈیم میں فٹبال اسٹارز ایک مرتبہ پھر جگمگانے کیلیے تیار، اسپینش پلیئرز کا جیت کا دعویٰ کرنے سے گریز

تیسری پوزیشن کیلیے اٹلی اور یوروگوئے مقابل، اطالوی کوچ پلیئرز کو توانائی بحال کرنے کیلیے مناسب وقت نہ ملنے پر نالاں۔ فوٹو: فائل

کنفیڈریشنز کپ فٹبال کا فائنل اتوار کو میزبان برازیل اور اسپین کے درمیان کھیلا جائیگا۔

میزبان اسٹار نیمار ٹائٹل جیتنے کی ہیٹ ٹرک بنانے کیلیے پرعزم ہیں، برازیل نے اس سے قبل 2005 اور 2009 کے ایڈیشنز بھی اپنے نام کررکھے ہیں جبکہ مجموعی طورپر یہ برازیل کی چوتھی ٹرافی بن سکتی ہے، ہوم سائیڈ نے 1996 میں بھی کنفیڈریشنز کپ جیتا ہے،تیسری پوزیشن کیلیے یوروگوئے کی ٹیم کو اٹلی کا چیلنج درپیش ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق برازیل فتوحات کی ہیٹ ٹرک بنانے کا عزم لیکر اتوار کو کنفیڈریشنز کپ فائنل میں اسپین کیخلاف صف آرا ہوگا۔

برازیل کی ٹیم 1996، 2005 اور 2009 میں سب سے زیادہ تین مرتبہ یہ ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ1999 کا فائنل میں انھیں میکسیکو نے مات دی تھی البتہ اسپین کی ٹیم پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل تک پہنچی ہے، ان کے علاوہ فرانس نے 2001 اور 2003 میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

200 ملین برازیلین اور 47 ملین اسپینش شائقین اور دنیا بھر میں موجود بے شمار فٹبال پرستار اتوار کی شب کنفیڈریشنز کپ فائنل کے بے چینی سے منتظر ہیں، ماریکانا اسٹیڈیم میں برازیلین اسٹارز ایک مرتبہ پھر جگمگانے کیلیے تیار ہیں، برازیلین اسٹار نیمار کا کہنا ہے کہ ہم ٹائٹل جیتنے کی ہیٹ ٹرک بنانے کیلیے پراعتماد ہیں، انھوں نے کہا کہ فائنل میں اترنے والی دونوں ٹیموں کے پاس عظیم روایات اور تاریخ ہے، اسپین کے پاس بھی اسٹار پلیئرز ہیں تو برازیلین کھلاڑی بھی کسی سے کم نہیں ہے، دوسری جانب اسپینش ٹیم ٹرافی جیت کر نئی تاریخ رقم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، وہ لگاتار چار انٹرنیشنل ایونٹس جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن سکتی ہے، 2010 ورلڈ کپ سے قبل اسپین نے 2008 اور پھر 2012 میں یورپین ٹائٹلز بھی اپنے نام کیے ہیں۔




نیمارالیون پر سابق فٹبالر پیلے کی جانب سے تنقید کا بھی سامنا رہا تھا ، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ برازیلین ٹیم اتنی اچھی نہیں کہ وہ کھیل کا ٹاپ پرائز جیت سکے، لیکن میزبان ٹیم نے ایونٹ کے گروپ مرحلے میں جاپان، میکسیکو اور اٹلی کیخلاف فتوحات حاصل کرنے کے بعد سیمی فائنل میں یوروگوئے کو بھی ٹھکانے لگاکر اپنی اہمیت منوائی ہے، فیفا رینکنگ میں تنزلی کے بعد 19ویں پوزیشن پر جانے والا برازیل ایک مرتبہ پھر عالمی فٹبال میں واپسی کررہا ہے۔

برازیلین کوچ اسکولیری کا کہنا ہے کہ اسپین کی ٹیم گذشتہ پانچ سے چھ برسوں میں ہر ایونٹ جیتی ہے لیکن ہم اپنا کھیل پیش کریں گے، ہم حریف ٹیم کی قدر کرتے ہیں لیکن اسی کے ساتھ ہم اپنی صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کریں گے، برازیلین کپتان تھیاگو سیلوا کا کہنا ہے کہ فائنل کا نتیجہ کافی کلوز ہوگا، ان کا کہنا ہے کہ اسپینش ٹیم تیکنیکی طور پر بہت زبردست ہے، وہ ورلڈ چیمپئنز ہیں اور تواتر سے پرفارمنس پیش کررہے ہیں، اسی طرح اسپینش پلیئر جیسس نیواس نے فائنل کی فیورٹ ٹیم کی نشاندہی کرنے سے انکار کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اطالوی ٹیم کو شکست دینا بہت مشکل رہا،دوسری جانب سیلواڈور میں سیمی فائنلز میں ناکامی سے دوچار ہونے والی اٹلی اور یوروگوئے کی ٹیمیں اتوار کو تیسری پوزیشن کے لیے مدمقابل آئیں گی، یوروگوئے کو اطالوی ٹیم پر اس لحاط سے جسمانی ایڈوانٹج حاصل ہوگا کہ انھیں برازیل سے شکست کے بعد خود کو ازسرنو منظم کرنے کا مناسب وقت مل پایا ہے جبکہ اطالوی ٹیم پنالٹی شوٹ آؤٹ پر اسپین سے مات کھانے کے بعد زیادہ آرام نہیں کرپائی ہے۔

اطالوی کوچ سیسار پراندیلی اپنے پلیئرز کو توانائیاں بحال کرنے کیلیے کم وقت ملنے پر اپنی تشویش کا برملا اظہار کرچکے ہیں، وہ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ میں تبدیلی کی تجویز بھی دے چکے ہیں، جس میں ٹیموں کو آرام کا زیادہ وقت مل سکے، جبکہ اٹلی کے گریگیو چیلینی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اسپین سے مقابلے کے بعد انھیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا رہا تھا جبکہ اتوار کو بھی ان کا مقابلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا جب درجہ حراست 26 ڈگری رہنے کی پیشگوئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد رہے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story