کراچی میں رینجرز کو جرائم کیخلاف ٹھوس اقدامات کا حکم امن و امان اولین ترجیح ہے قائم علی شاہ

شہر میں اسنیپ چیکنگ اورقانون نافذکرنےوالےاداروں کے گشت میں اضافے کی ہدایت، ڈی جی رینجرز سندھ کی وزیر اعلیٰ کو بریفنگ.

عالمی بینک کا سندھ میں جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار، ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر اور پی پی رہنما خورشید شاہ سے بات چیت۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر نے ہفتے کو وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل رینجرز نے وزیراعلیٰ سندھ کو امن و امان کی صورتحال سے متعلق رینجرز کے اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز کوکراچی میں ٹارگٹ کلنگ و دیگر جرائم کے فوری سدباب کیلیے ٹھوس اقدامات اور دہشت گرد، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلاتفریق ٹارگٹڈ ایکشن جاری رکھنے کے احکامات جاری کیے۔ انھوں نے شہر میں اسنیپ چیکنگ کو مؤثرطریقے سے انجام دینے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گشت میں اضافے کے احکامات بھی دیے تاکہ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ امن و امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امن و امان کو بہتر کرنے کیلیے حکومت سندھ زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔




دریں اثنا عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ریچڈ بین مسعاد سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ مختلف شعبوں کی ترقی کیلیے نہ صرف صوبے میں دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے بلکہ اس حوالے سے عالمی اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ سندھ کو مثالی ترقی دی جائے۔ ملاقات کے دوران صوبہ سندھ میں ورلڈ بینک کے تعاون سے تعلیم، زراعت،لائیو اسٹاک و دیگر شعبوں میں جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے ورلڈ بینک کے تعاون سے حکومت سندھ کے تحت جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار اور ان کو سراہتے ہوئے بتایا کہ آئندہ ماہ جولائی میں فنانشل منیجمنٹ سے متعلق ایک پروجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سے پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے ہفتے کی شب وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔
Load Next Story