ہتھیار برائے امن دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018ء کامیابی سے ختم

چوتھے روز مختلف یونیورسٹیز ،کالجز اور اسکولوں کے بچوں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے نمائش کا دورہ کیا۔

ایس ایس جی کا انسداد دہشت گردی آپریشن کا مظاہرہ ،مصنوعی ہاتھ کے حامل حوالدار عنایت کیساتھ شہریوں نے تصاویربنوائیں۔ فوٹو: فائل

ایکسپو سینٹر میں 4 روز سے جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کامیاب انعقاد کے بعد ختم ہوگئی۔

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 میں چوتھے روز مختلف یونیورسٹیز ،کالجز اور اسکولوں کے بچوں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخری روز بھی پاکستانی حربی سازوسامان خصوصی توجہ کا مرکزرہا۔ اختتامی روز کے سیمینار میں وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے شرکت کی۔ نمائش میں5ایم اویوزپرڈیپو کے زیراہتمام دستخط ہوئے جبکہ25ایم اویوز پر کمپنیوں نے باہمی طورپر اسٹالز پر دستخط کیے۔

اسپیشل سروسز گروپس کی جانب سے انسداد دہشت گردی آپریشن کا مظاہرہ کیا۔ مسلح افواج کے جوانوں نے رائفل ڈرل کا مظاہرہ بھی کیا۔ ملکی وغیرملکی اسٹالز پر گہما گہمی رہی،دن بھر انفرادی سطح پر اوروفود کی شکل میں نمائش میں رکھے گئے ملکی وغیر ملکی سامان حرب کے متعلق معلومات لی جاتی رہی۔

جمعے کے روز دفاعی نمائش کے اختتامی روزبھی پاکستان ساختہ جنگی جہاز،ٹینک اور طیارہ شکن گنز توجہ کا مرکز رہیں،پاکستان آرڈننس فیکٹری اور پاکستان ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی جنگی مصنوعات خاص دلچسپی کا مرکز رہیں۔

خصوصی طورپر پی اوایف آئی گن اور دیگر لانگ اور شارٹ رینج گنزدلچسپی کا محوررہیں جبکہ پاکستانی ساختہ الخالد، الضرار، الحدید اور الاسوہ ٹینک پر بھی شہریوں کی بھیڑ رہی۔ بین الاقوامی ایگزیبٹرز میں سب سے زیادہ رش چین، پولینڈ،روس اور ترکی کے اسٹالز پر دیکھا گیا،آئیڈیاز 2018 کے اختتامی روز اصل قومی شناختی کارڈ کے ذریعے عام شہریوں کو بھی نمائش میں جانے کی اجازت دی گئی۔

شہریوں کا کہنا تھاکہ فوج اور عوام کے درمیان گہرا تعلق اور ہم آہنگی ہے جو کسی بھی قوم کو داخلی یا خارجی خطرات سے مقابلہ کرنے کی اصل طاقت ہے، افواج پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو دیکھ کر عوام کا اپنی افواج پر حوصلہ مزید بلند ہوا ہے۔ نمائش کے اختتامی روزشمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے دوران راکٹ حملے میں دائیں بازو کی قربانی دینے والی حوالدار عنایت جنھیں بعدازاں بیٹری سے آپریٹ ہونے والا مصنوعی ہاتھ لگادیا گیا تھا، نمائش میں شریک بیشتر شہریوں نے ان کے ساتھ تصاویربنوائیں اور حوالدارعنایت کی وطن کے لیے بیش بہا قربانی پر خراج تحسین پیش کیا۔

ایکسپریس نیوز سے بات چیت کے دوران حوالدارعنایت کا کہناتھا کہ ان کا تعلق نشان حیدریافتہ شہید لالک جان کے گاؤں سے ہے اور انھیں مئی 2013میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران راکٹ لگا جس کی وجہ سے ان کا ایک بازو ضائع ہوگیا تھا ۔


نماز جمعہ کے بعد ایکسپوسینٹر کے 6مختلف ہالز جبکہ اضافی قائم کردہ3مارکیز میں ملکی اور غیر ملکی جنگی آلات اور مصنوعات پربہت زیادہ رش رہا، مختلف یونیورسٹیز،کالجز اوراسکولوں کے طلبا وطالبات کی بڑی تعداد نے بھی ایکسپو سینٹر میں نمائش دیکھی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ دفاعی نمائش ان کے لیے ایک انوکھا تجربہ ہے کیونکہ ایک ہی مقام پر انھیں بیک وقت بحری، بری اور فضائی اثاثے دیکھنے کا موقع ملا، شہریوں نے جی بھر کر پاکستان اور غیر ملکی دفاعی سازوسامان کے ساتھ تصاویراور سیلفیاں بنائیں۔

پاکستان آرمی کی جانب سے ایکسپو سینٹر کے فیلڈ ایریا میں اسپشل سروسز گروپ اور کوئیک رسپانس فورس کا انسداد دہشت گردی کا مظاہرہ ہوا جس کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کی جانب سے یرغمال بنائی گئی یونیورسٹی کی بس کو چھڑانے کا عملی مظاہرہ پیش کیا، مظاہرے میں ہیلی کاپٹرز نے بھی حصہ لیا۔

دفاعی نمائش کے دوران 6 ایم اویوز(میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ )اور 1ڈی اویو (ڈاکومنٹس آف میمونڈم)پر دستخط ہوئے،آخری روز داؤد سن آرمری(پاکستان)اور فورٹیک ٹیکنالوجی اینڈ سیکیورٹی سسٹم( ترکی)بدرایکسپو سلوشن پاکستان اور ہیبٹ پاکستان ،سپریم ٹیکنوایوی ایشن (پاکستان)اور اوسٹم ساونما وی ہیوسیلک کیومیلن میسی (ترکی)،سپریم ٹیکنوایوی ایشن (پاکستان) اورگیلن ٹیک (ترکی)،انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ پلانٹری ایسٹروفزکس یونیورسٹی آف کراچی (پاکستان) اور یو اے ایس گلوبل پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ نمائش کے اختتامی روز وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے خصوصی شرکت کی، اورانھوں نے ملکی اور غیر ملکی ایگزی بیٹرز میں مختلف کیٹگریز پر مشتمل تعریفی اسناد اور ایوارڈز تقسیم کیے ۔

ترکی کو سب سے بڑی جگہ پر اسٹالز لگانے پر ایوارڈ دیا گیا، چین کی نورینگو کو بھی ایوارڈ دیا گیا، دفاعی نمائش میں یو اے ای کی کمپنی کو بھی بڑے اسٹال پر ایوارڈ دیا گیا، آئیڈیاز 2018 میں روس کی کمپنی کو بھی ایوارڈ دیا گیا،پاکستان ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا اور پاکستان آرڈننس فیکٹری کوسجے ہوئے اسٹال کا ایوارڈ دیا گیا،چین اور پولینڈ کوبڑے اسٹال کی فہرست کے تحت ایوارڈ دیا گیا،اختتامی سیمینارکے بعدزبیدہ جلال کا ڈیپو کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہناتھا کہ دفاعی صنعت میں اسٹیل ملز کا کردار نہایت اہم ہے،حکومت نے واضح کردیا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کی نج کاری نہیں کی جائے گی۔

آئیڈیاز نمائش میں 70 ہزار سے زائد وزیٹر ز دیکھنے آئے، آئیڈیاز 2018 میں 50 ممالک کے مندوبین نے شرکت کی، اس نمائش کو دیکھنے سے لگتا ہے کہ پاکستان دفاعی پیداوار میں خود کفیل ہوچکا ہے، اپنے دوست ممالک کے تعاون سے بہت مدد ملی ہے، آئیڈیاز2020 نمائش میں نارتھ امریکا ،ساؤتھ امریکا ،مڈل ایسٹ، چین ، روس اور دیگر ممالک کے مندوبین بھی آئیں گے۔

ڈالر مہنگا ہونے کے سوال پرزبیدہ جلال کا کہناتھا کہ ڈالر کی قیمتوں سے پیداوار پرکوئی فرق نہیں پڑے گا، پاکستان ایک پر امن ملک ہے، آنے والے وقت میں روپے کے قدر میں بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔

مسلح افواج کی جانب سے ایکسپوسینٹر کے احاطے میں کشمیر ہال کے سامنے رائفل ڈرل کا مظاہرہ کیا جس کے دوران فوجی جوانوں نے ہاتھوں میں تھامی مشین گنز کو مختلف زاویوں کی شکل میں حرکت دی،رائفل ڈرل کے مظاہرے کو دیکھنے کے لیے شہریوں کا رش امڈ آیا اور بیشتر نے اس یادگار لمحے کو اپنے موبائل کیمرے میں محفوظ کیا۔

بعدازاں کلچرل شو کااہتمام کیا گیا ،جس میں مختلف صوبوں کے ثقافتی طائفوں نے علاقائی رقص پیش کیے،جبکہ افواج پاکستان کی جانب سے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں ،دفاعی نمائش میں 50ممالک کے مندوبین شریک ہوئے،جبکہ 14ممالک نے بھرپور پویلین کے ساتھ شرکت کی،دفاعی نمائش میں شریک 522 ایگزی بیٹرز میں 262کا تعلق دنیا بھر کے مختلف ممالک سے تھا۔
Load Next Story