ایک منشا بم قابو میں نہیں آ رہا یہ ہے نئے پاکستان کی پولیس چیف جسٹس

پولیس کو شرم آنی چاہئے جو گالیاں بھی کھاتے ہیں بدمعاشوں کی طرف داری بھی کرتے ہیں، جسٹس ثاقب نثار


ویب ڈیسک December 01, 2018
بدمعاشوں کی پشت پناہی کرنے والے پولیس افسروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرایا جائے گا، جسٹس ثاقب نثار فوٹو: فائل

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ ایک منشا بم قابو میں نہیں آ رہا، یہ ہے نئے پاکستان کی پولیس؟۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے قبضہ مافیا منشا بم کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت کی۔

متاثرہ شخص نے کہا کہ اراضی واگزار کرانے کے باوجود قبضہ نہیں دیا جا رہا۔ سول جج نور محمد میرے ساتھ بدتمیزی جب کہ منشا بم اور ان کے وکلاء سے تمیز سے پیش آتے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے پنجاب پولیس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ بدمعاشوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں، ایک منشا بم پولیس سے قابو میں نہیں آ رہا، یہ ہے نئے پاکستان کی پولیس؟ ، پولیس کو شرم آنی چاہئے، گالیاں بھی کھاتے ہیں بدمعاشوں کی طرف داری بھی کرتے ہیں، متاثرین نے زمینوں پر قبضوں کے خلاف کیمپ لگا رکھا ہے اور پولیس 'سب اچھا' کی رپورٹ دے دہی ہے۔

ڈی آئی جی وقاص نذیر نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ پولیس عدالتی حکم پر من و عن عمل درآمد کر رہی ہے، منشا بم اور خادم حسین رضوی کو پولیس نے ہی اٹھایا ہے۔

چیف جسٹس نے ڈی آئی جی وقاص نذیر سے استفسار کیا کہ تمہاری کیا رشتے داری ہے منشا بم سے، کیوں اسے بچا رہے ہو، یہاں وردی میں آئے ہو لیکن وردی میں واپس نہیں جاؤ گے، تمہیں معطل کیا جائے گا۔ بدمعاشوں کی پشت پناہی کرنے والے پولیس افسروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرایا جائے گا۔

سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب، ڈی سی لاہور، سیشن جج اور متعلقہ سول جج برائے اوورسیز پاکستانیز نور محمد کو چیمبر میں طلب کرلیا۔ سپریم کورٹ نے ڈی جی ایل ڈی اے کو آج رات بارہ بجے تک زمین متعلقہ لوگوں کو دے کر رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔