پنجاب بار کا کل سے صوبے بھر میں ایک ہفتے کی ہڑتال کا اعلان

تمام کچہریوں میں وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے، بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگائے جائیں گے، عہدیدار

فیصل آباد کی عدالت میں توڑ پھوڑ، ریکارڈ چوری کرنے پر15 وکلا کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج۔ فوٹو: فائل

پنجاب بار کونسل نے لاہور ہائی کورٹ کے علاقائی بینچوں کے قیام کے مطالبہ کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ان بنچوں کے قیام کیلیے پنجاب بھر میں ایک ہفتہ کی مکمل ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

پنجاب بار کونسل کے اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے علاقائی بینچز تشکیل نہ دینے پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا، وائس چیئرمین جام یونس اور ایگزیکٹو کونسل کی چیئرپرسن بشریٰ قمر نے مطالبہ کیا کہ گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال ، ڈیرہ غازی خان میں لاہور ہائیکورٹ کے بنچزقائم کیے جائیں ورنہ کل بروز پیر 3دسمبر سے 8 دسمبر تک پنجاب کے تمام 36 اضلاع کی ضلعی اور 123 تحصیل کچہریوں میں مکمل ہڑتال ہو گی اوروکلاء عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے، وکلا کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو غیر معینہ مدت کی ہڑتال بھی کر سکتے ہیں۔

وکلا معمول کے مطابق کچہری آئیں گے مگر عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے، بھرپور احتجاج بھی ہوگا جبکہ متعلقہ ڈویژنوں میں بارز بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگائیں گی۔


ادھر فیصل آباد' ڈیرہ غازی خان' ساہیوال' گوجرانوالہ اور سرگودھا ڈویژنز کی بار کونسلز کی جانب سے ہائی کورٹ بنچز کے قیام کیلیے ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے جاری ہے۔

علاوہ ازیں فیصل آباد کی عدالت میں گھس کر توڑ پھوڑ کرنے اور ریکارڈ چوری کرنے والے 15 وکلا کیخلاف دہشتگردی سمیت مختلف دفعات کے تحت کوتوالی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر کو سیل کردیا،گوجرانوالہ میں بھوک ہڑتالی کیمپ میں تین وکلاء کی حالت غیر ہو گئی۔

 
Load Next Story