KARACHI:
وڈھ کے قریب مختلف مقامات پر شرپسندوں کی مسافر بسوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
خضدار میں امن و امان کی مخدوش صورت حال کے پیش نظر مقامی ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے 28 گھنٹوں تک اہم رابطہ سڑکیں بند کررکھیں تھیں تاہم حکام کی یقین دہانی پر ٹرانسپورٹرز نے اپنا احتجاج ختم کیا ہی تھا کہ تحصیل وڈھ کے مختلف مقامات پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد دو مسافر بسوں پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعات کے بعد علاقے کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے بھی کارروائی کی جارہی ہے۔