کلفٹن اور ڈی ایچ اے میں رات 12 بجے دکانیں بند فٹ پاتھ پر کاروبار نہیں ہوگا

احکام کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اورچائے خانوں کے مالکان کاسامان ضبط اور جرمانہ بھی کیا جاسکتا ہے۔


Staff Reporter December 02, 2018
فٹ پاتھوں پر قائم ہوٹلوں اور چائے خانے ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں،ترجمان سی بی سی۔ فوٹو:فائل

کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے خالی پلاٹس، فٹ پاتھوں پر قائم چائے خانوں اور دیگر عارضی نوعیت کے کاروبار پر فوری پابندی عائد کردی ہے جب کہ کمرشل ایریاز میں رات 12بجے دکانیں بند کرنے کے احکام بھی جاری کیے گئے ہیں۔

کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ نے گزشتہ کچھ عرصے کے دوران سپریم کورٹ کے احکام کے تحت ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے والی تجاوزات کے خلاف کارروائی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے ہفتے کی شام سی بی سی کی حدود میں واقع خالی پلاٹس اور فٹ پاتھوں پر قائم چائے خانوں اوردیگر عارضی نوعیت کے کا روبار پر مکمل پابندی عائدکردی۔

اس کے علاوہ مختلف کمرشل ایریاز میں رات 12بجے دکانیں ،فوڈ سینٹر ز ہوٹل اور مشروبات سینٹر بھی بند کرنے کے احکام جاری کردیے ہیں، سی بی سی کی حدود میں واقع کمرشل ایریاز میں ہر قسم کے کارروبار کرنے والے دکانداروں میں نوٹس تقسیم کیے گئے جس کے متن کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ اور ڈی ایچ اے کی حدود میں کام کرنے والے تمام کاروباری حضرات جو خالی پلاٹ اور فٹ پاتھوں اور اس نوعیت کے دیگر مقامات پر کرسیاں رکھ کر کاروبار کررہے ہیں،ان تمام کاروباری حضرات کو مطلع کیاگیاہے کہ وہ آج (ہفتے کی شب) سے خالی مقامات اور فٹ پاتھوں اورسڑکوں پرکرسیاں نہیں رکھیں گے۔

ترجمان سی بی سی کے مطابق کارروائی سی بی سی کے چیف ایگزیکٹو رانا کاشف شہزاد کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی ہے جس کے تحت رات 12بجے کے بعد کلفٹن کی حدود میں ہر قسم کی دکانوں کو بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ،سڑکوں کے کنارے اور فٹ پاتھ پر قائم مختلف نوعیت کے ہوٹل اور چائے خانے ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔

ترجمان سی بی سی کا مزید کہنا ہے کہ پابندی پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں اورچائے خانوںکے مالکان کے خلاف کنٹونمنٹ ایکٹ 1924کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ان کا سامان ضبط اور ان پر بھاری جرمانے بھی عائدکیے جاسکتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں