کراچی فائرنگ سے متحدہ کے 2 کارکنان سمیت 5 افراد ہلاک

کھارادرمیں خاتون ہلاک،کورنگی ،ناظم آباد،نیوکراچی ودیگرعلاقوں میں فائرنگ سے 9افرادزخمی


Staff Reporter August 19, 2012
کھارادرمیں خاتون ہلاک،کورنگی ،ناظم آباد،نیوکراچی ودیگرعلاقوں میں فائرنگ سے 9افرادزخمی۔ فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں فائرنگ سے متحدہ کے 2 کارکنان اور2 موذن سمیت 5 افرادہلاک،خاتون سمیت9 زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن نمبر 3دہلی کالونی کے رہائشی سیف الدین کو نامعلوم ملزمان نے گھر کے قریب فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا،مقتول سٹی وارڈن اور متحدہ قومی موومنٹ بلدیہ ٹاؤن سیکٹر یونٹ 117 کا کارکن تھا،فیڈرل بی ایریا بلاک 19 النور موڑ کے قریب کوہ نوربیکری کے سامنے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے40 سالہ قاری احسان الرحمٰن ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول فیڈرل بی ایریا بلاک19ماریہ اپارٹمنٹ کا رہائشی تھا اور فیڈرل بی ایریا بلاک19میں واقع رضوان مسجد کا موذن تھا۔کھارادر بانٹوا اسپتال کے سامنے روٹ نمبر7-C کی بس میں سوار40 سالہ حاجرہ زوجہ عبد الرؤف کو نامعلوم ملزم نے ماتھے پرگولی مارکرہلاک کردیا،کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے چمڑا چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے28 سالہ ضیاء خان،ماڑی پور کے علاقے بلدیہ نمبر3 میں فائرنگ سے30 سالہ سیف اﷲ زخمی ہوگیا۔

گلشن اقبال اردو یونیورسٹی کے سامنے واقع غنی سوئٹس اینڈ نمکو میں گھس کر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 46 سالہ غلام جیلانی جاں بحق جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر نمکو کی دکان کا ملازم 15 سالہ شکیل زخمی ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اردو یونیورسٹی میں واقع مسجد کا موذن اور خادم تھا جو کے یونیورسٹی میں بنے ہوئے کوارٹرز میں رہائش پذیر تھا،مقتول کسی کام سے یونیورسٹی سے نکل کر سامنے کی جانب جارہاتھا کہ ایک سڑک عبور کرنے کے بعد جب وہ گرین بیلٹ پر کھڑا تھا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی تاہم وہ ان سے بچ کر سڑک عبور کر کے سامنے بنی ہوئی دکان میں گھس گیا جہاں ملزمان نے اس کا تعاقب جاری رکھا اور وہیں پر اسے گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ اورنگی ٹاؤن منصور نگر میں موٹرسائیکل پر جانے والے 26 سالہ محمد افضل کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اورنگی ٹاؤن متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 118-B کا کارکن تھا جبکہ مقتول کے والد بھی متحدہ بزرگ کمیٹی کے رکن ہیں واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ۔

ناظم آبا د نمبر 4 میں واقع چنیوٹ اسپتال کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 50 سالہ ریحانہ بی بی زخمی ہوگئی، گلبہار کے علاقے لسبیلہ پل پر نیاز کوچ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 2 افراد اسلم اور محمد امین زخمی ہوگئے ، محمود میں فائرنگ سے غفران ، نارتھ کراچی سیکٹر 9 باب السلام مسجد کے قریب فائرنگ سے ممتاز علی جبکہ اسی تھانے کی حدود سیکٹر 10 میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکاندار اﷲ دتہ،نیوکراچی سیکٹر 11-D میں بھی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں