شاہ محمود قریشی کا بھارتی وزیر خارجہ کو کرارا جواب

میرے بیان کو توڑ مروڑ کر سکھ برادری سے منسوب کرنے کی مذموم کوشش کی گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک December 02, 2018
میرا بیان پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کے تناظر میں تھا،وزیر خارجہ ،فوٹو : فائل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دو ٹوک انداز میں بھارتی حکومت پر واضح کیا ہے کہ سکھ برادری کو پاکستان سے متنفر کرنے کی مذموم سازش کامیاب نہیں ہوگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج کی ہرزہ سرائی کا مدلل اور جامع جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کے حوالے سے میرے بیان کو سکھ برادری سے منسوب کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرتار پور بارڈر کے کھلنے پر بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر میرے ردعمل کو سوچی سمجھی سازش کے تحت توڑ مروڑ کے پیش کیا جا رہا ہے تاکہ سکھ بھائیوں کے جذبات کو مجروح کر کے پاکستان سے متنفر کیا جا سکے۔



شاہ محمود قریشی نے بھارتی ہم منصب کا نام لیے بغیر کہا کہ میرا بیان پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کے تناظر میں تھا اور صرف پاک بھارت مذاکرات کے لیے ہی مخصوص تھا لیکن اس بیان کو سکھ برادری سے منسوب کرنے کی کوشش کی گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : پاکستانی وزیر خارجہ کے گگلی والے بیان نے انہیں بے نقاب کر دیا، سشما سوراج

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان سکھ برادری کی دل کی گہرائیوں سے قدر کرتا ہے اور سکھ برادری کے جذبات کا بے حد احترام کرتا ہے اور کوئی بھی پروپیگنڈا اس رشتے کو نہ تو توڑ سکے گا اور نہ ہی متنازعہ بنا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے احترام کے اسی کے رشتے کے تحت سکھ برادری کی برسوں پرانی دلی خواہش کو پورا کرنے کے لیے کرتار پور راہداری کو کھولا، ہم نے یہ تاریخی اقدام نیک نیتی سے اُٹھایا ہے اور نیک نیتی کے ساتھ یہ سفر آگے بھی جاری رہے گا۔



واضح رہے کہ بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے گگلی والے بیان کو سکھ برادری سے نتھی کرنے کی کوشش کی تھی۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان نے کرتارپور کی گگلی پھینکی تو بھارت کو اپنے وزیر بھیجنے پڑے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں