وزیر اعلیٰ سندھ کے کلاس فیلو کوخلاف ضابطہ ترقی دیے جانے کاانکشاف

جونیئر انجینئر خالد مسرور کی مراد علی شاہ کے مبینہ دباؤ پرگریڈ 19 میں ترقی


Staff Reporter December 03, 2018
کے ڈی اے کے سینئر افسران میں بے چینی، عدالت عظمیٰ سے نوٹس لینے کی اپیل فوٹو:فائل

وزیر اعلی سندھ کے کلاس فیلو کو گریڈ 19میں آؤٹ آف ٹرن ترقی دیے جانے کا انکشاف،کے ڈی اے میں سینیئر افسران کی موجودگی کے باوجود جونیئر انجینیئر خالد مسرور کو مراد علی شاہ کے مبینہ دباؤ پر ترقی سے نوازے جانے کا الزام، وزیراعلی کی خوشنودی حاصل کرنے کیلیے ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی نے قوائد وضوابط کے خلاف کی جانے والی ترقی پر چشم پوشی اختیار کرلی، خالد مسرور کی گریڈ 19میں تنخواہ بھی ایڈ جسٹ کرادی گئی۔

انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق کے ڈی اے کے جونیئر انجینیئر خالد مسرور جوکہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے کلاس فیلو بتائے جاتے ہیں کو کے ڈی اے میں مبینہ طور پر آؤٹ آف ٹرن گریڈ19 میں ترقی دے دی گئی ہے، واضح رہے کہ وزیر اعلی سندھ سے دوستی کے باعث خالد مسرور سندھ لوکل گورنمنٹ میگا پروجیکٹ میں بھی تعینات ہیں جہاں اربوں روپے لاگت کے ترقیاتی کام کیے جارہے ہیں اور مذکورہ پروجیکٹ میں بھی خالد مسرور کی اجارہ داری قائم ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد مسرور قلم چلائے بغیر محکمہ لوکل گورنمنٹ پروجیکٹ کے تمام معاملات چلارہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے میں متعدد سینیئر افسران کے حق پر ڈاکہ ڈال کر جونیئر انجینیئر خالد مسرورکو ترقی سے نوازے جانے پر ادارے کے افسران میں شدید بد دلی اور اضطراب پایا جاتا ہے،افسران کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے میں قوائد وضوابط کی دھجیاں اڑادی گئی ہیں، سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے آؤٹ آف ٹرن پرموشن حاصل کرنے والے افسران کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں کی گئی ہیں اس کے باوجود کے ڈی اے میں خلاف ضابطہ ترقیوں کے خلاف عدالتی احکامات کے تحت کارروائی کرنے کے بجائے مزید آؤٹ آف ٹرن پرموشن دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے میں چیف انجینیئر کے عہدے پر بھی جونیئر افسر رام چند تعینات ہیں، سینیئر افسران موجود ہونے کے باوجود رام چند کو کے ڈی اے کا چیف انجینئر بنایا گیا ہے،ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مبینہ طور پر آؤٹ آف ٹرن ترقی پانے والے چہیتے جونیئر انجینیئر خالد مسرور کو گریڈ 19 کی تنخواہ ماس ٹرانزٹ میں ڈائریکٹر ٹیکنیکل گریڈ 19 کی اسامی سے دی جارہی ہے، کے ڈی اے کے سینیئر افسران سمیت شہری حلقوں نے آؤٹ آف ٹرن پرموشن کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ کا نام استعمال ہونے کی اطلاعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلی تحقیقاتی اداروں سمیت عدالت عظمی سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

سینیئر افسران اور شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ قوائد وضوابط کے خلاف دی جانے والی ترقی سے مراد علی شاہ کی ساکھ کو بری طرح سے نقصان پہنچ رہاہے،افسران نے اس سلسلے میں وزیر اعلی سندھ سے بھی نوٹس لینے کی اپیل کردی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ جونیئرچیف انجینیئر رام چند نے مذکورہ ترقی دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اس حوالے سے کے ڈی اے کے چیف انجینئر رام چند سے ان کا موقف معلوم کرنے کے لیے متعددبار رابطہ کیے جانے کے باوجود انھوں نے کال اٹینڈ نہیں کی جبکہ وہ اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے جس کے باعث کے ڈی اے محکمہ انجینیئرنگ کا موقف حاصل نہیں ہوسکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں