کراچی میں فضائی آلودگی کی شرح کم ترین سطح پر

گذشتہ روز فضائی آلودگی کی شرح برصغیر میں سب سے کم، 26 فیصد ریکارڈ کی گئی


Staff Reporter December 03, 2018
 14 نومبر کو شہر کی فضاؤں میں آلودگی کی شرح 331 درجے کی خطرناک حد پر تھی فوٹو: فائل

KARACHI: اتوار کو شہر کی فضائیں غیر معمولی طور صاف رہیں، ماحولیاتی آلودگی ناپنے والے انڈیکس نے گزشتہ روز کراچی کی فضاؤں میں آلودگی کی مقدارکو برصغیر میں شامل ممالک میں سب سے کم 26 درجہ قراردیا۔

ماحولیاتی آلودگی جانچنے کے عالمی انڈیکس اے کیوآئی کے مطابق اتوار کو شہر کی فضاؤں میں آلودگی صرف 26 فیصد رہی، برصغیر میں شامل ممالک بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، بھوٹان، مالدیپ کے مقابلے میں شہر کی فضائیں سب سے زیادہ صاف رہیں، گذشتہ کئی روز سے شہر دھند اور کہر کی لپیٹ میں تھا جس کی وجہ سے حد نگاہ بھی متاثر ہورہی تھی،گذشتہ ماہ 14 نومبر کو شہر کی فضاؤں میں آلودگی 331 درجے تک ریکارڈ ہوچکی ہے۔

عالمی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151 سے200درجے تک آلودگی مضر صحت،201سے 300درجے تک انتہائی مضر صحت آلودگی کی علامت ہے،301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کوظاہر کرتاہے،اتوار کو شہر کا کم سے درجہ حرارت 17 اور زیادہ سے زیادہ 30.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،صبح کے وقت نمی کا تناسب 90 اور دن بھر 51 فیصد رہا، مطلع صاف ہونے کی وجہ سے حد نگاہ غیر معمولی طور پر زیادہ رہی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔