اساتذہ کی فزیکل مانیٹرنگ ختم بائیو میٹرک سی سی ٹی وی نظام موثر بنانے کا فیصلہ

کلوزسرکٹ کیمروں کوایف ڈی ای سے لنک،مانیٹرنگ اینڈایویلویشن اسسٹنٹس کوواپس ان کی پوسٹوں بھیجاجائے گا

اساتذہ کولوئرگریڈکے نگرانوں پرتحفظات تھے،بائیومیٹرک کی موجودگی میں متوازی مانیٹرنگ نظام کی ضرورت نہیں،حکام فوٹو: فائل

بائیومیٹرک اور سی سی ٹی وی نظام کو موثر بناتے ہوئے وزیر اعظم ایجوکیشن ریفارمزکے تحت تعلیمی اداروں کی فزیکل مانیٹرنگ کا نظام ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔


جس پر22 مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اسسٹنٹس کو تعلیمی اداروں میں واپس بھیجاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق 2015میں ایڈوائزر وزیر اعظم ایجوکیشن ریفارمز علی رضا کے ویژن کے تحت تعلیمی اداروں میں مانیٹرنگ ایویلیویشن اسسٹنٹس تعینات کیے گئے تھے جنھیں تدریسی وغیرتدریسی عملہ اورطلبہ کی حاضری، ادارے کی صفائی سمیت اساتذہ و پرنسپل کے اسکول آنے، جانے کے اوقات کی آن لائن رپورٹ کرنے اور اداروں میں اطلاع کے بغیر چیکنگ کا اختیار دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اداروں کے سربراہان کی جانب سے یہ اعتراض کیا گیا تھا کہ لوئر گریڈ کے مانیٹرنگ اسسٹنٹس کو اساتذہ کی حاضری چیک کرنے کا اختیار دینا نامناسب ہے تاہم اسوقت حکام کی جانب سے یہ کہا گیا تھا کہ ان اسسٹنٹ کی پوسٹ کو اپ گریڈ کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اب وفاقی نظامت تعلیمات کے حکام نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اساتذہ کی حاضری کیلیے بائیومیٹرک نظام کو مزید موثر بنایا جائیگا،صفائی کی صورتحال اور طلبہ کی حاضری کیلیے کلوز سرکٹ کیمروں کو ایف ڈی ای سے لنک کیا جا ئیگا۔ اس حوالے سے وفاقی نظامت تعلیمات کے ایک ذمہ دار افسر نے بتایا کہ بائیومیٹرک نظام کی موجودگی میں متوازی طور پر ایسا مانیٹرنگ نظام سمجھ سے بالا تر ہے، تعلیمی اداروں میں اسٹاف کی کمی ہے لہٰذا یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان مانیٹرنگ اسسٹنٹس کو واپس بھجوایا جائے۔
Load Next Story