رینجرز اور پولیس کے ٹارگٹڈ اور سرچ آپریشن 31 ملزمان زیر حراست و گرفتار

بھینس کالونی،خدا کی بستی،نارتھ ناظم آباد،لیاقت آباد اور پی این ٹی کالونی میں رینجرز کی کارروائیاں


Staff Reporter July 01, 2013
رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ ایکشن کرتے ہوئے 26 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا۔ فوٹو: فائل

رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ اور سرچ آپریشنز کرکے کالعدم تنظیموں کے 2 ارکان سمیت31ملزمان کو گرفتار اور حراست میں لے لیا.

گرفتار اور حراست میں لیے گئے افراد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیاگیا، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ ایکشن کرتے ہوئے 26 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا، سندھ رینجرز نے خفیہ اطلاعات پر بھینس کالونی ، مہران ٹائون ، بسم اﷲ مارکیٹ ، سپر ہائی وے ، خدا کی بستی ، رانگڑ پاڑا ، نارتھ ناظم آباد ، لیاقت آباد اور پی این ٹی کالونی میں ٹارگٹڈ آْپریشنز کیے،ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق حراست میں لیے جانے والے جرائم پیشہ عناصر کے قبضے سے مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کر لیے گئے ہیں، علاوہ ازیں ڈویژنل ایس پی اورنگی ٹائون چوہدری اسد کی سر براہی میں پولیس کی بھاری نفری نے پیر آباد تھانے کی حدود میں چاٹی ہوٹل کے قریب سرچ آپریشن کیا۔



آپریشن میں رپیڈ ریسپونس فورس کے 100اہلکار اور 150پولیس اہلکاروں نے حصہ لیاآپریشن کے دوران پولیس نے5 مبینہ دہشت گردوں معراج ، اسماعیل ، سمیع اﷲ ، بہادر علی اور شاہد خان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3 کلاشنکوف ،2 رپیٹرز،ایک 9 ایم ایم پستول ، 3 ٹی ٹی پستول ، ایک ایم پی فائیو، 6 بال بم ، 3 سیمنٹ بلاک بم ، 150گولیاں اور واکی ٹاکی سیٹ برآمد کر لیے ہیں انھوں نے بتایا کہ گرفتار کے جانے والے 2 مبینہ دہشت گرد معراج اور سمیع اﷲ کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے ہے جبکہ گرفتار دیگر 3دہشت گردوں کا تعلق بھالو گروپ سے ہے انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور تفتیش کے دوران اہم انکشافات متوقع ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں