بلدیہ ملیر کا ایک ارب ساڑھے 60 کروڑ کا سرپلس بجٹ منظور کرلیا گیا

ترقیاتی اخراجات کیلیے 80 کروڑ 33 لاکھ،غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں80 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں،ایڈمنسٹریٹر.


Staff Reporter July 01, 2013
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر قاضی جان محمد،میونسپل کمشنر ڈاکٹر مختار علی پلیجو کے ہمراہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ملیر کا بجٹ 2013-14پیش کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ملیرکا آئندہ مالی سال 2013-14 کا ایک ارب 60 کروڑ 50لاکھ 75ہزارروپے کا بجٹ منظور کرلیا گیا۔

بجٹ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر قاضی جان محمد کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کیا گیا،اس موقع پرمیونسپل کمشنر بلدیہ ملیر ڈاکٹر مختار پلیجواور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے،بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کی مد میں 51 فیصد اورغیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 49 فیصد فنڈز رکھے گئے ہیں،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر قاضی جان محمد نے بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میںاخراجات کا تخمینہ آمدنی کے ذرائع کو مدنظر رکھتے ہوئے لگایا گیا ہے ، بلدیہ ملیر کے بجٹ میں اخراجات کا تخمینہ ایک ارب 60 کروڑ 44 لاکھ 37 ہزارروپے لگایا گیا ہے،اس طرح آئندہ مالی سال کا بجٹ 6 لاکھ 38 ہزار روپے سرپلس ہے۔



بلدیہ ملیر کی آمدنی کے ذرائع میں حکومت سندھ سے آمدنی ایک ارب 44 کروڑ روپے، بلدیہ عظمیٰ کراچی سے وصولی 5 کروڑ روپے جبکہ بلدیہ ملیر کراچی کے اپنے ذرائع ودیگر اداروں سے آمدنی 11کروڑ 50 لاکھ 75 ہزار روپے ہے،کل آمدن ایک ارب 60 کروڑ 50 لاکھ پچھتر ہزار روپے متوقع ہے، بلدیہ ملیر کے آئندہ مالی سال کیلیے ترقیاتی اخراجات کی مد میں 80کروڑ 33 لاکھ 50 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں، بلدیہ ملیر کے آئندہ مالی سال کیلیے سڑکوں،گلیوں اور فٹ پاتھوں کی تعمیرات اور مرمت کی مد میں29کروڑ 20 لاکھ روپے، پارک،کھیل کے میدان اور نرسریوں کی تعمیرات کی مد میں5کروڑ 22لاکھ روپے ،عمارات کی تعمیر ومرمت کی مد میں 4کروڑ 15لاکھ روپے ،اسٹریٹس لائٹس کی درستگی کی مد میں4کروڑ 13لاکھ روپے، جاری منصوبوں کی تکمیل کیلیے 19کروڑ 45لاکھ روپے، صفائی ستھرائی اور نئی گاڑیوں کی خریداری مد میں ایک کروڑ 30 لاکھ روپے جبکہ مشینری و دیگرآلات کی خریداری کیلیے 4 کروڑ 85 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ملیر کے بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں80 کروڑ 10 لاکھ 87 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں