پاکستان کو پہلی اننگز میں بڑے ٹوٹل کی فکر ستانے لگی

پچ میں نمی کی وجہ سے پہلے روز بولرز کو زیادہ محنت کرنا پڑی،بلال آصف


Sports Reporter December 04, 2018
پچ میں نمی کی وجہ سے پہلے روز بولرز کو زیادہ محنت کرنا پڑی،بلال آصف۔ فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستانی ٹیم کو پہلی اننگز میں بڑے ٹوٹل کی فکر ستانے لگی۔

ابوظبی ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بلال آصف نے کہا کہ پچ گزشتہ دونوں میچز کی بانسبت بیٹنگ کیلیے زیادہ بہتر نظر آئی، نمی کی وجہ سے بولرز کو زیادہ محنت کرنا پڑی، اس کے باوجود کیویز کو کھل کر نہیں کھیلنے دیا۔

انھوں نے کہا کہ کین ولیمسن اور بی جے واٹلنگ نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے کیویز 200 سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، قسمت نے بھی ان کا ساتھ دیا۔

بلال آصف نے کہا کہ دوسرے روز نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں کو جلد آؤٹ کرنے کے بعد پاکستان کو پہلی اننگز میں بہتر ٹوٹل بھی حاصل کرنا ہوگا، چوتھی اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے دباؤ کم رکھنے کیلیے پہلی باری میں بہتر بیٹنگ کی ضرورت ہے۔

آسٹریلیا کیخلاف ڈیبیو ٹیسٹ کی پہلی ہی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد زیادہ کامیاب نہ ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ اچھے آغاز کے بعد وکٹیں نہ ملیں تو پریشانی ہوتی ہے۔ البتہ مجھے رنز روکنے کا جو کردار دیا گیا اسے نبھانے کی کوشش کرتا رہا، بعض اوقات اچھی بولنگ ہونے کے باوجود بدقسمتی سے وکٹیں حاصل نہیں ہوتیں، بولنگ کوچ اظہر محمود، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد، سینئرز یاسر شاہ اور محمد حفیظ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہوں۔

بلال آصف نے کہا کہ میں مسلسل سیکھ رہا ہوں، انٹرنیشنل کرکٹ کے تقاضوں سے جلد ہم آہنگ ہو جاؤں گا، ابوظبی ٹیسٹ میں اب تک اچھی بولنگ ہوئی ہے،2 وکٹیں بھی مل گئیں، میرا اعتماد بحال ہوا ہے اور مزید بہتر پرفارم کرنے کیلیے پُرعزم ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں