کوئٹہ دھماکوں میں جاں بحق افراد کو سپرد خاک کر دیا گیا شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

ایم ڈبلیو ایم ،ایچ ڈی پی اور تحفظ ہزارہ عزاداری کونسل کی جانب سے شہر میں 3 روزہ سوگ بھی منایا جارہا ہے۔


ویب ڈیسک July 01, 2013
سانحہ کوئٹہ پر پورے شہر کی فضا سوگوار رہی اور ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کی کال پر کوئٹہ دھماکوں کے خلاف شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ فوٹو: پی پی آئی

ہزارہ ٹاؤن میں گزشتہ روز دھماکوں میں شہید ہوئے 30 افراد کی نمازہ جنازہ ادا کر کے انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ہزارہ ٹاؤن کے قبرستان میں ایک قطار میں قبریں کھودی گئیں جہاں بہیمانہ دہشت گردی کی نظر ہوئے ان افراد کو منوں مٹی تلے دفنا دیا گیا، اس موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ سانحہ کوئٹہ پر پورے شہر کی فضا سوگوار رہی اور ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کی کال پر کوئٹہ دھماکوں کے خلاف شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی جبکہ 12 گھنٹے بعد دھماکوں کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

گزشتہ روز ہزارہ ٹاؤن میں خود کش حملے اور بم دھماکے میں 30 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، واقعے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور اتحاد تاجران بلوچستان کی اپیل پر آج کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے، اس موقع پر شہر کے تمام اہم کاروباری و تجارتی مراکز بند ہیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

دوسری جانب واقعے کے خلاف ایم ڈبلیو ایم، ایچ ڈی پی اور تحفظ ہزارہ عزاداری کونسل کے زیر اہتمام شہر میں 3 روزہ سوگ بھی منایا جارہا ہے، پولیس نے 12 گھنٹے گزرنے کے بعد دھماکوں کا مقدمہ درج کرلیا جب کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ ایکسپریس کو بھی آگے جانے سے روک دیا گیا تھا جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں