کروشیا کو باضابطہ طور پر یورپی یونین کی رکنیت ملنے پر ملک بھر میں جشن کا سماں ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین میں شمولیت کے باضابطہ اعلان کے لئے کروشیا کے دارالحکومت زغرب میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں یورپی ملکوں پر مشتمل تنظیم کے سربراہان نے شرکت کی۔ اس موقع پر یورپی کمیشن کے سربراہ ڑوزے مانوئیل باروسو نے کہا کہ یورپ کے مرکز میں کروشیا کو اس کا صحیح مقام واپس مل گیا ہے جبکہ یورپی یونین کے سربراہ ہیرمن فان رومپوئے کا کہنا تھا کہ کروشیا نے اس سلسلے میں تمام اہم اصلاحات نافذ کیں اور اپنے پڑوسی ممالک کے لیے بھی ایک مثال قائم کی۔
دوسری جانب یورپی یونین کا رکن بننے پر کروشیا کے شہروں میں عوام جشن منا رہے ہیں، کروشیا کے تاریخی شہر ''ڈبرونوک'' میں ایک شاندار راک کانسرٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں معروف راک اسٹارز نے اپنے فن سے سماں باندھ دیا، کروشیا کے صدر''ایوجوزیپوویک'' نے بھی پیانو پر یورپی یونین کا ترانہ بجایا، جسے ٹی وی پر لاکھوں افراد نے براہ راست سنا۔ ہمسایہ ملک سلوینیا میں بھی کروشیا کے یورپی یونین میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے ، اس حوالے سے سرحدی شہروں میں باربی کیو پارٹیز کی گئیں ، کروشیا اور سلوینیا میں ہزاروں کروشیائی خاندان آباد ہیں، جن کا کہنا ہے کہ یکم جولائی کو وہ بغیر کسی ویزے کے آزادی سے کروشیا میں اپنے رشتے داروں سے جا کر مل سکیں گے۔ واضح رہے کہ سلوینا 2004 سے یورپی یونین کا رکن ہے۔
واضح رہے کہ 1991 میں یوگو سلاویہ کے ٹوٹنے کے بعد کروشیا سمیت 7 ممالک معرض وجود میں آئے تھے، جن میں کروشیا دوسرا ملک ہے جسے یورپی یونین میں شامل کیا گیا ہے۔