کراچی کے حالات متحدہ اور مافیا کو لڑانے کی سازش ہیں فاروق ستار

اقلیتوں کو اعلی ترین عہدوں تک رسائی کے حق میں ہیں، ٹودی پوائنٹ میں گفتگو


Monitoring Desk August 19, 2012
اقلیتوں کو اعلی ترین عہدوں تک رسائی کے حق میں ہیں، ٹودی پوائنٹ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار نے کہاہے کہ آج پاکستان کی بقا اور سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں،کراچی میں اس وقت جو حالات ہیں وہ ایم کیو ایم اور مافیا کو لڑانے کی سازش ہیں۔ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوںنے کہاکہ ایم کیو ایم کے اصول اور پالیسیاں کسی سے ڈھکے چھپے نہیں،12 مئی کے واقعات کے بارے میں وکی لیکس نے جو کچھ لکھا وہ اس کی اپنی غلط فہمی پر مبنی سوچ تھی لیکن ہم یہ کہتے ہیں کہ 12 مئی کی ہلاکتوں کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔

ایم کیو ایم کے فیصلوں میں الطاف بھائی نے اختلاف رائے کا حق دیا ہے اور کئی مرتبہ فیصلوں پر دوبارہ مشاورت بھی کی جاتی ہے ۔پاکستان کی بہتری کے لیے ایک بار پھر ہم محتاط انداز میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، آج پاکستان کی سلامتی کو خطرات ہیں اور ہمیں فہم وفراست سے کام لینے کی حکمت عملی اپنانی چاہیے،ہم حکومت میں رہ کر اپوزیشن کا کردار ادا کررہے ہیں حکومت کے ساتھ جتنا اختلاف رائے ہم نے کیا اپوزیشن نے بھی نہیں کیا، ایم کیوایم نے بائیکاٹ بھی کیا حکومت سے باہر بھی نکلے اور واپس بھی آئے لیکن یہ سب کچھ کسی نہ کسی بہتری کے لیے ہی تھا۔

میں سندھ کے علاوہ باقی تینوں صوبوں سے کہتا ہوں کہ مینڈیٹ کے بغیر جمہوریت کی باقی ساری توقعات مجھ سے نہ رکھیں ۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے این آر او کو سپورٹ اس لیے نہیں کیا تھا کہ یہ پروپیگنڈا کیا جارہا تھا کہ این آر او تمام بدعنوانیوں اور کرپشن کے مقدمات کے خاتمے کے لیے بنایا جارہا ہے اورہم عوام کا اعتماد کھونانہیں چاہتے تھے۔

اس پر صدر آصف زرداری نے یہ بھی کہاتھا کہ اصولی طور پر آپ ہمارے ساتھ ہیں لیکن آپ نے میرا ساتھ نہیں دیا۔ہم نے سپریم کورٹ کے تمام فیصلوں کو قبول کیا ہے لیکن موجودہ فیصلے کا ہم نے روایتی طور پرخیرمقدم نہیں کیا ۔راجا پرویزاشرف کو وزیراعظم بنوانے میں ایم کیوایم کا واضح کردار تھا اور ہم اس سے مطمئن ہیں،ایم کیو ایم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر مکمل یقین رکھتی ہے ہم تو بطور پاکستانی اقلیتوں کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سرکاری عہدوں تک رسائی کے حق میں ہیں،ایم کیوایم کے خلاف مسلسل ایک سازش اور ایک پروپیگنڈا جاری ہے،کسی کے انفرادی عمل کو پارٹی کے فیصلے سے نہیں جوڑ اجاسکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں