افغان انٹیلی جنس کے لوگوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری ہونے کا انکشاف

پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کے پاسپورٹ پر بھارت کے ویزے بھی لگے ہوئے ہیں، طلحہ محمود


Numainda Khususi December 05, 2018
شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کی فہرست آئی بی کے حوالے کردی گئی ہے، طلحہ محمود . فوٹو: فائل

افغان انٹیلی جنس کے لوگوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

سینیٹ کی کابینہ سیکریٹریٹ کمیٹی کے اجلاس کے بعد سینیٹر طلحہ محمود نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ افغان اور تاجک لوگوں کے سیکڑوں کی تعداد میں شناختی کارڈ جاری کئے گئے ہیں، پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کے پاسپورٹ پر بھارت کے ویزے بھی لگے ہوئے ہیں۔


طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ نادرا نے بعض شناختی کارڈ تاحال بلاک نہیں کئے، شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کی فہرست آئی بی کے حوالے کردی گئی ہے، جو شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کی تحقیقات کرے گا، کمیٹی نے غیر ملکیوں کے شناختی کارڈز سے متعلق آئی بی سے رپورٹ طلب کرلی جب کہ ڈیڑھ سو کے قریب تاجک لوگوں کے شناختی کارڈ لاہور سے ملے، لاہور سے ملنے والے شناختی کارڈ بلاک کردیئے گئے ہیں لیکن گرفتاریاں عمل میں نہیں آئیں، نادرا نے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کے اجراء کو روکنے کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھائے۔


اس سے قبل اجلاس میں سی پیک کی سکیورٹی میں آئی بی کے کردار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، ڈی جی آئی بی ڈاکٹر سلمان خان اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل تھا، ڈی جی آئی بی نے افغان مہاجرین کو شناختی کارڈ کے اجراکے معاملے پر بھی بریفنگ دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔