جام شورو یونیورسٹی میں رئیس کلیہ فنون کی تعیناتی پر وزیر اعلیٰ اور وائس چانسلر میں کشیدگی

وی سی کی سفارش کونظراندازکرتے ہوئے رئیس کلیہ کی تعیناتی کی منفرد مثال۔


Safdar Rizvi December 06, 2018
ڈاکٹرحفیظ عبدالغنی شیخ بیمار،سیڑھیاں چڑھنے سے بھی قاصر، وزیراعلیٰ اپنے احکام پرایک بارپھرغورکریں، وائس چانسلر کا وزیراعلیٰ کو خط۔ فوٹو: فائل

سندھ یونیورسٹی جام شوروکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرفتح محمد برفت نے اپنی سفارش کے برعکس حکومت سندھ کی جانب سے یونیورسٹی میں کلیہ فنون(فیکلٹی آف آرٹس) میں رئیس کلیہ کے عہدے پر تعینات کیے گئے پروفیسرڈاکٹرحفیظ عبدالغنی شیخ کوجوائننگ سے روک دیاہے۔

صوبے کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کولکھے گئے ایک خط میں اس حوالے سے کیے گئے فیصلے پر نظرثانی کی سفارش کردی ہے کسی یونیورسٹی کے وائس چانسلرکی جانب سے وزیراعلیٰ کی منظوری سے تعینات کیے گئے ڈین کوجوائننگ نہ دینے کی دستیاب تاریخ میں یہ پہلی مثال سامنے آئی ہے تاہم خود وزیراعلیٰ کی جانب سے بھی وائس چانسلرکی سفارش کونظراندازکرتے ہوئے رئیس کلیہ کی تعیناتی کی یہ ایک منفرد مثال ہے۔

یادرہے کہ حال ہی میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے جامعہ کراچی میں رئیس کلیہ فارمیسی کی اسامی پر سنیارٹی میں تیسرے نمبرپرآنے والی خاتون پروفیسرڈاکٹرراحیلہ کی تعیناتی کی اس لیے منظوری دی تھی کہ ان کی تعیناتی کی سفارش جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان کی جانب سے کی گئی تھی جبکہ جامعہ کراچی کی اس فیکلٹی میں پروفیسررفیق عالم سینئرترین پروفیسرہیں تاہم سندھ یونیورسٹی جام شورومیں اسی نوعیت کے کیس میں وائس چانسلرکی جانب سے سینیارٹی میں تیسرے نمبرپرآنے والے پروفیسرکی تعیناتی کی سفارش سے اختلاف کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سنیارٹی میں صف اول کے پروفیسرکی تعیناتی کی منظوری دی ہے جس کے بعد موجودہ صورت حال سامنے آئی ہے۔

''ایکسپریس''کو سندھ یونیورسٹی جامشوروکے باوثوق ذرائع سے معلوم ہواہے کہ وزیراعلیٰ کی منظوری سے6نومبر کو ڈاکٹرحفیظ عبدالغنی شیخ کی بطوررئیس کلیہ فنون سندھ یونیورسٹی جام شوروتعیناتی کانوٹیفکیشن سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈبورڈزعالیہ شاہدکے دستخط سے جاری ہوا اورڈاکٹرحفیظ عبدالغنی شیخ ہی 3 سینیئرپروفیسرزکی سینیارٹی میں سینئرترین پروفیسرہیں تاہم یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرفتح محمدبرفت نے رئیس کلیہ فنون کی تعیناتی کے سلسلے میں بھجوائی گئی سمری میں تیسرے نمبرکے سینئرترین پروفیسرڈاکٹررفیق میمن کی تعیناتی کی سفارش کی تھی لیکن وزیراعلیٰ نے اس سفارش سے اختلاف کرتے ہوئے فیکلٹی کے سینئرترین پروفیسرڈاکٹرحفیظ عبدالغنی شیخ کے نام کی منظوری دی جن کی جوائننگ روکتے ہوئے ڈاکٹرفتح محمد برفت نے وزیراعلیٰ سندھ کوایک خط بھجوایاہے۔

یونیورسٹی ذرائع کاکہناہے کہ وائس چانسلرسندھ یونیورسٹی کی جانب سے اس خط میں وزیراعلیٰ سے اس فیصلے پر ازسرنوغورکرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ ڈاکٹرحفیظ عبدالغنی شیخ بیمارہیں اوراپنی ناسازی طبع کے باعث وہ سیڑھیاں چڑھنے سے بھی قاصرہیں جبکہ اجلاسوں میں بھی ان کی شرکت غیریقینی ہوتی ہے لہٰذاوزیراعلیٰ سندھ اپنے احکام پرایک بارپھرغورکریں۔

یونیورسٹی ذرائع نے بتایاکہ سنیارٹی لسٹ میں دوسرے نمبرپرموجودپروفیسراب یونیورسٹی کے ایک کیمپس کے پرووائس چانسلر تعینات ہوچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں