ضلع سانگھڑ میں گیس کے ذخائر دریافت پی پی ایل

 ذخائر گمبٹ ساؤتھ بلاک میں 3700 میٹر کی گہرائی میں دریافت ہوئے ہیں۔


Business Reporter December 06, 2018
 ذخائر گمبٹ ساؤتھ بلاک میں 3700 میٹر کی گہرائی میں دریافت ہوئے ہیں۔ فوٹو : فائل

پی پی ایل نے ضلع سانگھڑ گمبٹ ساؤتھ میں گیس کے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان پیٹرولیئم لمیٹڈ (پی پی ایل ) نے اپنے شراکت داروں گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ ) لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) اور ایشیا ریسورسز آئل لمیٹڈ (اے آر او ایل) کے ساتھ مل کر ضلع سانگھڑ، صوبہ سند ھ میں واقع گمبٹ ساؤتھ بلاک (2568-18 ) کے دریافتی کنویں ہدف X-1 (ST)سے گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کا اعلان کر دیا ہے۔ پی پی ایل اس بلاک میں65فیصد کاروباری شراکت کے ساتھ آپریٹرہے جبکہ جی ایچ پی ایل اوراے آر او ایل کی کاروباری ساجھے داری بالترتیب 25 اور 10فیصد ہے۔

لوورگورو فارمیشن کے میسو سینڈ میں ہائیڈ روکاربن کی جانچ کے لیے ہدف X-1 (ST) کی کھدائی کا آغاز29 اگست2018 کو ہوا جسے 3700 میٹرز کی حتمی گہرائی تک پہنچایا گیا۔ وائر لائن لوگز کی بنیاد پرٹارگٹ شدہ ذخائر میں ہائیڈروکاربن رکھنے والے ممکنہ زونز کی نشاندہی ہوئی۔

لوور گورو فارمیشن میں کی گئی ڈرل اسٹیم جانچ کے دوران درجِ ذیل نتائج حاصل ہوئے۔ اعلامیہ کے مطابق 56/64 انچ چوک سائز اور 1307 پی ایس آئی فلوئنگ ویل ہیڈ پریشر پر یومیہ18.6 ملین کیوبک فیٹ گیس،160 بیرل کنڈنسیٹ اور65 بیرل پانی حاصل ہوئے جبکہ 32/64 انچ چوک سائز اور 2290 پی ایس آئی فلوئنگ ویل ہیڈ پریشر پر یومیہ12.1 ملین کیوبک فیٹ گیس،157 بیرل کنڈنسیٹ اور35 بیرل پانی حاصل ہوئے۔

واضح رہے کہ اس دریافت سے ہائیڈرو کاربن کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور ملک میں توانائی کے موجودہ بحران میں طلب اور رسد کے مابین فرق میں کمی ممکن ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔