علیمہ خان کے خلاف کارروائی سے متعلق ایف بی آر سے رپورٹ طلب

سپریم کورٹ کی حکم عدولی پر چیئرمین اور ممبر ایف بی آر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری


ویب ڈیسک December 06, 2018
ایف بی آر نے ایف آئی اے کی محنت بھی سرد خانے میں ڈال دی، چیف جسٹس فوٹو: فائل

لاہور: سپریم کورٹ نے علیمہ خان کے خلاف کارروائی سے متعلق ایف بی آر سے رپورٹ طلب کر لی۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے پاکستانیوں کے بیرون ملک اکائونٹس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ دبئی میں جن پاکستانیوں نے جائیدادیں خریدیں ان کے خلاف کیا کارروائی ہو رہی ہے؟ دبئی میں جائیداد خریدنے والے 20 لوگوں کا جائزہ لینے کا حکم دیا تھا،اسپیشل کمیٹی کی رپورٹ کہاں ہے؟

ایف بی آر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ نوشاد احمد نے 7 جائیدادیں ظاہر کیں، نوشاداحمد کی غیر ملکی جائیدادوں کا آڈٹ ہو رہا ہے۔ 20 لوگوں میں سے 14 کے خلاف مزید کارروائی تجویز کی ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی حکم کے تحت کمیٹی نے کارروائی کرنا تھی، عدالت نے فیلڈ افسران کو کیس بھجوانے کا نہیں کہا تھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے ایف بی آر کو عدالت کا حکم سمجھ میں ہی نہیں آیا، عدالت نے آپ کو آڈٹ کروانے کا نہیں کہا تھا، آپ لوگ کیس لٹکانا چاہتے ہیں۔ لگتا ہے ایف بھی آر خود بھی ملا ہوا ہے،عدالت نے جوائنٹ ٹیم تشکیل دی تھی، جسے 20 لوگوں کے اثاثوں کی تصدیق کرنا تھی، ایف بی آر کواپنی عزت نہیں کرانی تو ہم نہیں کریں گے۔ ایف بی آر نے ایف آئی اے کی محنت بھی سرد خانے میں ڈال دی۔

چیف جسٹس نے عدالت کی حکم عدولی پر چیئرمین اور ممبر ایف بی آر کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ 3 دن میں توہین عدالت کے نوٹس کا جواب دیں۔ عدالت نے علیمہ خان کے خلاف کارروائی سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں