ماہرہ خان نے خوبصورتی میں کترینہ عالیہ اور سونم کو مات دے دی

میرے پرستار میری طاقت ہیں لہٰذا ان سب کا شکریہ اداکرنا چاہوں گی، ماہرہ خان


ویب ڈیسک December 06, 2018
ایک بار پھر ایشیا کی پُرکشش خواتین میں شامل ہونے پر بے انتہا خوش ہوں ،ماہرہ خان فوٹوفائل

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے خوبصورتی میں بالی ووڈ اداکاراؤں کترینہ کیف، عالیہ بھٹ اور سونم کپور کو مات دے دی۔

برطانوی جریدے ایسٹرن آئی نے رواں سال کی ایشیا کی 50 پُرکشش خواتین کی فہرست جاری کی ہے جس میں بالی ووڈ کی حسیناؤں دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا اور کترینہ کیف سمیت پاکستان کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان بھی شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فہرست میں ماہرہ نے بالی ووڈ کی خوبصورت اداکارہ کترینہ کیف، سونم کپور اور عالیہ بھٹ کو مات دے دی ہے۔

دپیکا پڈوکون



گزشتہ برس ایشیا کی پرکشش خواتین میں تیسرا نمبر حاصل کرنے والی خوبرو اداکارہ دپیکا پڈوکون رواں سال اس فہرست میں ٹاپ پوزیشن پر ہیں۔ ایسٹرن آئی جریدے کے ایڈیٹر کے مطابق دپیکا پڈوکون نہ صرف کوئین آف بالی ووڈ ہیں بلکہ بہت خوبصورت بھی ہیں۔ تاہم دپیکا کو جو چیز سب سے خاص بناتی ہے وہ ان کا خوبصورت اور فراخ دل ہے۔

پریانکا چوپڑا



گزشتہ برس ایشیا کی پُرکشش خواتین کا اعزاز حاصل کرنے والی سابق ملکہ حسن پریانکا چوپڑا رواں سال دپیکا کے بعد دوسرے نمبر پر ایشیا کی پُر کشش خاتون قرار پائی ہیں۔

نیاشرما



بھارتی ٹی وی اداکارہ نیا شرما گزشتہ برس اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود تھیں تاہم اب وہ ایک درجے نیچے آکر ایشیا کی تیسری پر کشش خاتون کے طور پر منتخب ہوئی ہیں۔ ایک بار پھر ایشیا کی خوبصورت خاتون کی فہرست میں شامل ہونے پر نیا شرما کا کہنا ہے کہ یہ احساس بہت خوبصورت ہے اور مجھ سے اپنی خوشی چھپائی نہیں جارہی۔

ماہرہ خان



پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان گزشتہ برس اس فہرست میں پانچویں نمبر پر براجمان تھیں تاہم رواں سال وہ چوتھے نمبر پر ایشیا کی پر کشش خاتون قرار پائی ہیں۔ انہیں خواتین کے لیے مضبوط طاقت کی علامت اور فلاحی کاموں کے لیے اس فہرست میں شامل کیاگیا ہے۔ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر ایشیا کی پُرکشش خواتین میں شامل ہونے پر بے انتہا خوش ہوں، میرے پرستار میری طاقت ہیں لہٰذا ان سب کا شکریہ اداکرنا چاہوں گی۔ انہوں نے مستقبل میں مزید محنت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

شیوانگی جوشی



بھارتی ٹی وی کی نامور اداکارہ اور ڈراما سیریل'یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے'سے شہرت حاصل کرنے والی شیوانگی جوشی نے فہرست میں پانچواں نمبر حاصل کیا ہے۔

عالیہ بھٹ



خوبرو اداکارہ عالیہ بھٹ ایشیا کی پُرکشش خواتین میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

سونم کپور



بالی ووڈ میں فیشن آئیکن کے نام سے مشہور اداکارہ سونم کپور خوبصورتی میں ماہرہ خان سے پیچھے رہ گئیں وہ فہرست میں ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔

حنا خان



بھارتی ٹی وی کے متنازع شو 'بگ باس'میں شرکت کرنے والی ٹی وی اداکارہ حنا خان بھی رواں سال ایشیا کی پر کشش خواتین کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں انہوں نے لسٹ میں آٹھواں نمبر حاصل کیا ہے۔

کترینہ کیف



بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف کی خوبصورتی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے سامنے ماند پڑگئی وہ نویں نمبر پر ایشیا کی خوبصورت خاتون قرار پائی ہیں۔ جب کہ دسویں نمبر پر بھارتی ٹی وی کی اداکارہ نیتی ٹیلر براجمان ہیں۔

صنم سعید



صرف ماہرہ خان نہیں بلکہ پاکستانی اداکارہ صنم سعید بھی ایشیا کی پُرکشش خاتون کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ فہرست میں ان کا نمبر 19 واں ہے۔

ارمینا خان



فلم'جانان' اور 'بن روئے'کے ذریعے شہرت حاصل کرنےوالی خوبرو پاکستانی اداکارہ ارمینا خان ایشیا کی پُر کشش خاتون کی فہرست میں 24 ویں نمبر پر شامل ہیں۔ جب کہ سابق ملکہ حسن ایشوریا رائے بچن ایشیا کی 30 ویں، پاکستانی اداکارہ مہوش حیات 40 ویں، ڈراما سیریل 'سنو چندا'کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ اقرا عزیز 46 ویں نمبرپر پُرکشش خاتون قرار پائی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں