ہمارا احتجاج الطاف حسین کے گھرپر چھاپے پر تھارشید گوڈیل

کچھ ثابت ہوا تو متحدہ کو بھگتنا ہوگا، اوریا مقبول،مکمل سچ سامنے نہیں آیا، مجاہد بریلوی

الطاف حسین جو تاثر دے رہے ہیں وہ غلط ہے، شاہین صہبائی کی ’’ٹو دی پوائنٹ‘‘ میں گفتگو فوٹو : فائل

ایم کیو ایم کے رہنما عبدالرشید گوڈیل نے کہاکہ ہمارااحتجاج الطاف حسین کے گھر پرچھاپے اور سامان اٹھا کرلے جانے پر تھاجب عمران فاروق کا قتل ہوا تھا الطاف حسین نے اسی وقت کہہ دیا تھا کہ ایم کیو ایم کو توڑنے کی عالمی سازش شروع ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیو زکے پروگرام ''ٹودی پوائنٹ'' میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں رشید گوڈیل نے کہا کہ الطاف حسین کے گھر پر چھاپہ مارا گیا گھر سے سامان اٹھا کر لے گئے لیکن کوئی رسید نہیں دی گئی اب وہ جو چاہے ڈال دیں کہ ہمیں الطاف حسین کے گھر سے یہ ملا ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کو چاہیے کہ وہ کم ازکم اپنے ملک کے قانون کا تو احترام کرلے۔ تجزیہ کار اوریا مقبول جان نے کہاکہ برطانیہ کا قانون یہ کہتا ہے کہ اگر پولیس والے نے گھر سے سامان اٹھایا اور کوئی ریکارڈ نہیں دیا تو اس کو عدالت میں ہتھکڑی لگ جاتی ہے۔




اگر الطاف حسین پر کوئی بات ثابت ہوتی ہے تو ایم کیو ایم کو تو بھگتنا ہی پڑے گا اس کا فال آئوٹ پاکستان کو بھی بھگتنا پڑے گا۔ تجزیہ کار مجاہد بریلوی نے کہاکہ الطاف حسین نے خود ہی بہت سی باتوں کو واضح کیا ہے لیکن اس کے باوجود مکمل سچ ہمارے سامنے نہیں ہے۔ تجزیہ کار شاہین صہبائی نے کہا کہ امریکا ہو یا برطانیہ جس کسی کو بھی باہر سے فنڈ یا چندہ آتا ہے اس کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے چندے کو منی لانڈرنگ نہیں کہا جاتا۔ الطاف حسین کوکسی معاملے میں ملوث قرارنہیں دیا گیا لیکن وہ جو تاثر دے رہے ہیں وہ غلط ہے۔
Load Next Story