وزیر اعظم نے ایم ڈیپی ٹی ڈی سی کا کنٹریکٹ ختم کردیا
معلوم کیا جائے میر شاہ جہان کھیتران کودوبارہ کس نے تعینات کیا، نواز شریف کا تحقیقات کا حکم
LONDON:
وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن( پی ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹرمیرشاہ جہاں کھیتران کا کنٹریکٹ ختم کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ معلوم کیاجائے کہ انتخابات میںحصہ لینے کے بعدکس نے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کی پوسٹ پر ان کی دوبارہ تعیناتی کے احکامات جاری کیے تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس نے اپنے احکامات میں کہاہے کہ میرشاہ جہاںکھیتران کی طرف سے ادارے میں تقریباً سولہ ملازمین کی بھرتیوں کے حوالے سے بھی انکوائری کی جائیگی ۔ وزیراعظم آفس کے ذرائع نے کہاکہ میرشاہ جہاں کھیتران نے مبینہ طور پرادارے کے دو افسران کو غیر قانونی طور پر ترقی دے کر جنرل منیجرزکے عہدوں پر تعینات کیا جبکہ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کے غلط احکامات نہ ماننے اور ان کیخلاف آواز اٹھانے پر سابقہ یونین کے8 ملازمین کو ملازمت سے برخواست کر دیاگیا،متعدد افسران کے کوئٹہ، کراچی، تفتان اور دوسرے دور درازعلاقوں میں تبادلے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی میر شاہ جہاں کے علاوہ ان کے دیگر ساتھیوں جنرل منیجروں ، فنانس منیجر اور اکائونٹ منیجر کے خلاف بھی انکوائری کرے گی کیونکہ ان افسران نے وزارت بین الصوبائی رابطہ امور کی جانب سے جاری کردہ احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے مالی بے ضابطگیاں کی ہیں،وزیر اعظم آفس کے ذرائع کاکہناہے کہ پی ٹی ڈی سی کے افسران کے خلاف نیب اورایف آئی اے میں تحقیقات جاری ہیں،اس سلسلے میں نیب اور ایف آئی اے حکا م کو بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ اپنی تحقیقات جلد سے جلد مکمل کرکے رپورٹ وزیر اعظم آفس کو بجھوائیں تاکہ ان کے خلاف ایکشن لیا جا سکے۔