عمران فاروق قتل کیس سے متعلق تحقیقات خالصتاً لندن پولیس کامعاملہ ہے ایڈم تھامسن

پاک برطانیہ وزرائے اعظم ملاقات کے دوران الطاف حسین کے معاملےپر کوئی بات نہیں ہوئی، بر طانوی ہائی کمشنر


ویب ڈیسک July 02, 2013
پاک برطانیہ وزرائے اعظم ملاقات کے دوران الطاف حسین کے معاملےپر کوئی بات نہیں ہوئی، بر طانوی ہائی کمشنر۔ فوٹو:فائل

PIRSABAK: برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے کہا ہے کہ عمران فاروق قتل کیس سے متعلق تحقیقات خالصتاً لندن میٹرو پولیس کامعاملہ ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بر طانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے کہا کہ الطاف حسین سے متعلق ایم کیوایم کی یادداشت انہیں مل گئی ہے،عمران فاروق قتل کیس اور الطاف حسین سے تحقیقات خالصتاً لندن میٹرو پولیس کا معاملہ ہے، حکومت کا اس ساری تحقیقات سے نہ تو کوئی تعلق ہے اورنہ ہی وہ مداخلت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ وزرائے اعظم ملاقات ملاقات کے دوران بھی ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

ایڈم تھامسن کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا دورہ پاکستان کی نئی حکومت پر اعتماد کا اظہارہے، دورے کے دوران دونوں ممالک نے موجود معاہدات کو جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے کسی نئے معاہدے پر دستخط نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ کیمرون نے افغانستان اور پاکستان کی حکومت پر زور دیا کہ وہ مل کر کام کریں اور آپس میں روابط بڑھائیں، برطانوی وزیراعظم نے پاکستان سے درخواست بھی کی کہ وہ افغان مفاہمتی عمل میں موثر انداز میں اپنا کردار ادا کرے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کے اندر دہشت گردی اور انتہاپسندی ایک بڑامسئلہ ہے، دونوں ممالک انتہاپسندی اوردہشت گردی کے خلاف اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان اور امریکا کا معاملہ ہے اور دونوں ممالک نے ہی اسے حل کرنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر داخلہ بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں