نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

280 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 156 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔


ویب ڈیسک December 07, 2018
کیم ولیمسن کو میچ اور یاسر شاہ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فوٹو؛ اے ایف پی

HYDERABAD: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن میچ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، نیوزی لینڈ نے کھیل کے آخری روز 7 وکٹ پر 353 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز ڈیکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کیلیے 280 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم 156 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے ایک بار پھر مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف 55 رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی، ٹیسٹ کریئر کا آخری میچ کھیلنے والے محمد حفیظ اپنی آخری اننگز یادگار نہ بناسکے اور صرف 8 رنز پر ہی ٹم ساؤتھی کو وکٹ دے بیٹھے۔

پچھلے میچ کے سنچری میکر اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں رکے اور 5 رنز بنانے کے بعد گرینڈ ہوم کا شکار بنے۔ ان فارم مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل بھی امیدوں پر پورا نہ اترسکے اور صرف 9 رنزبنانے کے بعد ہی پویلین واپس لوٹ گئے، حارث کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلی ہی گیند پر پہلی اننگز میں تھری فیگر اننگز کھیلنے والے اسد شفیق کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

اوپننگ بلے باز امام الحق نے کچھ دیر مزاحمت کی لیکن 22 رنز پر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔ اس وقت کپتان سرفراز احمد اور بابر اعظم وکٹ پر موجود ہیں۔ کپتان سرفراز احمد بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھرسکے اور 28 رنز بناکر ولیم سمر ویل کا شکار بنے۔ بلال آصف اور یاسر شاہ کو ٹم ساؤتھی نے پویلین بھیجا۔ بابراعظم نصف سنچری بنانے والے واحد کھلاڑی رہے، وہ 51 رنز پر اعجاز پٹیل کا شکار بنے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی ، ولیم سمر ویل اور اعجاز پٹیل نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔


اس سے قبل کھیل کے آخری دن نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز 272 رنز 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر کیا تو کین ولیمسن بغیر کسی رن کا اضافہ کیے پویلین لوٹ گئے۔ کین ولیمسن کے 139 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد نکولس نے نیوزی لینڈ کا اسکور آگے بڑھایا اور سنچری اسکور کی، نکولس نے 126 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔

دوسری جانب قومی لیگ اسپنر یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں سومر ولی کو ایل بی ڈبلیو کرکے تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے کا 82 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں 4 اور مجموعی طور پر میچ میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یہ بھی پڑھیں: یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ کا 82 سالہ ورلڈ ریکارڈ توڑدیا

میچ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے 274 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 348 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : دبئی ٹیسٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دیدی

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اب تک 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرایا تھا جب کہ قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں