ڈنگی وائرس سے ایک اور مریض جاں بحق رواں سال ہلاکتوں کی تعداد3ہو گئی

ماہرین نے بتایا کہ ڈنگی سرویلنس سیل چند اسپتالوں کے اعدادوشمارجاری کرتا ہے۔


Staff Reporter July 03, 2013
غیر سرکاری اعدادوشمارکے مطابق 800سے زائد مریض اس وائرس کا شکار ہیں جو مختلف نجی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس/ فائل

کراچی میں ایک اورمریض ڈنگی وائرس کا شکار بن گیا ، رواں سال اس وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد3ہوگئی۔

ڈنگی وائرس سے کراچی میں 359متاثرہ مریض رپورٹ ہوچکے ہیں، سندھ میں متا ثرہ مریضوں کی تعداد10بتائی گئی ہے، ڈنگی سرویلنس سیل کے مطابق نارتھ کراچی کا رہائشی 22سالہ زبیرکو تیزبخار، جسم میں شدید دردکی شکایت پرگزشتہ دنوں داخل کیا گیا تھا تاہم اسپتال میں متوفی کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں ڈنگی پازٹیوکی تصدیق کی گئی تاہم متوفی کے جسم میں خون جمانے والے اجزا پلیٹ لیٹ کی شدیدکمی واقع ہوگئی تھی، ڈاکٹروں نے متوفی کی جان بچانے کی بھرپورکوشش کی لیکن جانبرنہ ہوسکا، زبیر کی موت کی تصدیق ڈنگی سرویلنس سیل نے بھی کردی، ادھر ماہرین طب کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈنگی وائرس شدت سے رپورٹ ہورہا ہے، سیل کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں 359مریض ڈنگی وائرس سے متاثرہ رپورٹ ہوچکے ہیں۔

جبکہ غیر سرکاری اعدادوشمارکے مطابق 800سے زائد مریض اس وائرس کا شکار ہیں جو مختلف نجی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، ماہرین نے بتایا کہ ڈنگی سرویلنس سیل چند اسپتالوں کے اعدادوشمارجاری کرتا ہے، دریں اثنا ماہرین امراض خون کا کہنا ہے کہ امسال ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریض مختلف پیچیدگیوں کے ساتھ رپورٹ ہورہے ہیں جو زیادہ خطرناک ہے۔



ماہرین کا کہنا تھا کہ ڈنگی وائرس کے ساتھ ملیریا اورجسم کے دیگر اعضا بھی متاثر ہورہے ہیں، ماہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت نے نجی اسپتالوں کو ڈنگی وائرس کی تشخیص کیلیے کوئی کٹس فراہم کی اور نہ پلیٹ لیٹ کی فراہمی کا کوئی بندوبست کیا۔

ماہرین نے کہاکہ ڈنگی وائرس بارش کے بعد تیزی سے پھیل سکتا ہے، ماہرین نے عوام سے کہاکہ اس سے بچائوکا واحد طریقہ احتیاط ہی ہوتی ہے، بچوں کو شام کے اوقات میں فل آستین والے کپڑے پہنائیں جائیں، گھروں میں مچھر مار اسپرے کا باقاعدگی سے استعمال کیاجائے، پارک جانے والے بچوں اور والدین کوبھی احتیاط کرنی چاہیے،جناح سمیت کسی بھی اسپتال نے ڈنگی یونٹ قائم نہیں کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں