عالمگیر نے پاکستان میں مستقل سکونت اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا

گلوکار عالمگیر ایک عرصہ قبل پاکستان سے کینڈا منتقل ہوگئے تھے۔

گلوکار عالمگیر ایک عرصہ قبل پاکستان سے کینڈا منتقل ہوگئے تھے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاپ سنگر عالمگیر نے پاکستان میں مستقل سکونت اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ان کی فیملی بھی جلد پاکستان شفٹ ہوجائے گی۔


گلوکار عالمگیر ایک عرصہ قبل پاکستان سے کینڈا منتقل ہوگئے تھے جہاں انھوں نے میوزک اکیڈمی بنائی تھی جس میں نوجوان لڑکے لڑکیوں کو موسیقی کی تربیت دی جاتی تھی، چند سال قبل عالمگیر کو گردوں کا عارضہ لاحق ہوگیا جس کی وجہ سے وہ اپنی اکیڈمی پر توجہ نہیں دے سکے،مسلسل بیماری سے ان کی فیملی کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، علاج کے لیے انھیں کینڈا کے بعد امریکا بھی جانا پڑا ،جس کے بعد ان کی صحت بہتر ہوگئی ۔انھیں پاکستان آنے کی دعوت دی گئی تو انھوں نے متعدد شوز میں شرکت کی ۔

پاکستان میں قیام کے دوران گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ان کے علاج کے لیے ایک خطیر رقم دی جب کہ پاکستان میں ڈاکٹر ادیب رضوی نے انھیں علاج کے سلسلے مکمل تعاون کا یقین دلایا، امریکا میں علاج کے بعد عالمگیر گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان میں مقیم ہیں جہاں ان کی خدمات حاصل کرتے ہوئے مختلف اداروں نے انھیں کمرشل میں گانے کا موقع دیا، ایکسپریس سیگفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں قیام کے دوران میں بہت بہتر محسوس کررہا ہوں، میری طبیعت میں بھی بہتری آئی ہے مصروفیات کی وجہ سے مجھے اپنی بیماری کا احساس زیادہ نہیں ہورہا۔
Load Next Story