نائجیرین ہائی کمشنر کی کراچی چیمبر آمد تجارت بڑھانے پر زور

وسیع مواقع موجود، اقتصادی تعاون بڑھانے کیلیے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے، ہارون اگر


Business Reporter July 03, 2013
وسیع مواقع موجود، اقتصادی تعاون بڑھانے کیلیے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے، ہارون اگر۔ فوٹو: فائل

کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ہارون اگر نے کہا ہے کہ پاکستان اور نائجیریا دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں اوراس تعاون کو بڑھا نے کے لیے کوئی موثر حکمت عملی وضح کی جانی چاہیے۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور نائجیریا کو ایک دوسرے کے ساتھ باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان شوگر، سیمنٹ، کھاد، اور پیٹرولیم ریفائننگ پلانٹ سمیت انجینئرنگ گڈز میں خدمات پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کو ان مواقع سے فوائد حاصل کرنے چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں نائجیریا کے ہائی کمشنر دودادنلادی کے کراچی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائجیریا کے ڈپٹی ہائی کمشنر اور اتاشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ہارون اگر نے کہا کہ پاکستان اور نائجیریا کے درمیان دوستانہ، تجارت وسرمایہ کاری،اقتصادی ودفاعی سطح پر دیرینہ اور مضبوط تعلقات ہیںتاہم دوطرفہ تجارتی حجم متاثرکن نہیں جبکہ تجارتی حجم میں اضافے کی مزید گنجائش موجود ہے۔ مالی سال 2012 کے دوران پاکستان نے نائجیریا3.28 ملین ڈالر کی اشیا درآمدات کیں جبکہ برآمدات کا حجم 36.7 ملین ڈالر رہا۔ انہوں نے کہا کہ افریقا معدنی و قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور نائجیریا افریقین مارکیٹ کے لیے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کو معاشی و تجارتی لحاظ سے ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔



نائجیریا کے ہائی کمشنردودادنلادی نے کہا کہ کراچی چیمبر آف کامرس کے دورے کا مقصد پاکستان کی تاجر برادری خصوصاً کراچی کے تاجروں سے دوبدو ملاقات کرنا اور نائجیریا میں آئل اینڈ گیس سمیت معدنیات وقدرتی وسائل کے شعبوں میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگہی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا نائجیریا کے صدر نے اسلام آباد میں ہونے والی ڈی 8 سمٹ میں دو طرفہ تجارت کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا اور 2013 کے اختتام تک دوطرفہ تجارتی حجم 1 ارب ڈالر کی سطح پر لے جانے پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے اپنی پریزنٹیشن میں بتایا کہ نائجیریاافریقہ کی 10 بڑی معیشتوں میں شمار کیا جاتا ہے اور جی ڈی پی میں اس کا حصہ 77 فیصد ہے۔ انہوں نے کراچی چیمبر کے اعلیٰ سطح تجارتی وسرمایہ کاروں پر مشتمل ایک وفد کو نائجیریا کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اے کیو خلیل، سینئر نائب صدر شمیم فرپو، نائب صدر ناصر محموداور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی اس موقع پرموجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔