ٹیم پر بوجھ بنے پلیئرز سے پیچھا چھڑانے کا وقت آگیا

دورئہ ویسٹ انڈیز کیلیے اسکواڈ کا آج انتخاب،سلیکشن کمیٹی لاہور میں سر جوڑ کر بیٹھے گی، چیمپئنز ٹرافی میں ناقص۔۔۔


Sports Reporter July 03, 2013
عمر اکمل کو بطور وکٹ کیپر بیٹسمین کھلانے کی تجویز،آفریدی کی واپسی کا امکان، احمد شہزاد اور حارث سہیل کو ون ڈے میں موقع دیے جانے کا امکان۔ فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم پر بوجھ بنے پلیئرز سے پیچھا چھڑانے کا وقت آ گیا، دورئہ ویسٹ انڈیز کیلیے اسکواڈ کا انتخاب کرنے کے سلسلے میں سلیکشن کمیٹی بدھ کو سر جوڑ کر بیٹھے گی۔

چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کھیل پیش کرنے والوں کی چھٹی یقینی ہے، پی سی بی کے میڈیکل بورڈ کی طرف سے پلیئرز کی فٹنس رپورٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ابتدائی فہرست مرتب کر لی گئی، دورہ ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ کو متوازن بنانے کیلیے کپتان مصباح الحق اور چیف کوچ ڈیو واٹمور بھی تجاویز تیار کرچکے، عمر اکمل کو بطور وکٹ کیپر بیٹسمین کھلانے اور شاہد آفریدی کو ٹوئنٹی20 فارمیٹ کے ساتھ ون ڈے ٹیم کا بھی حصہ بنانے پر بحث ہوگی،حتمی فیصلوں کی منظوری عبوری چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی سے لی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق دورہ ویسٹ انڈیز کیلیے اسکواڈ بدھ کو منتخب کیا جائے گا، سلیکشن کمیٹی کے ارکان لاہور میں فیصلے کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سلیکٹرز شاہد آفریدی کو ون ڈے اور ٹوئنٹی20 دونوں طرزکے مقابلوں کیلیے منتخب کرنے کو تیار ہیں، البتہ مینجمنٹ سابق کپتان کو صرف مختصر طرز کی کرکٹ تک محدود رکھنے کے حق میں ہے،اس حوالے سے اجلاس میں گرما گرم بحث ہوگی جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ پی سی بی عمر اکمل کو وکٹ کیپر کی دہری ذمہ داریوں کیلیے تیار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیریبیئن جزائر بھجوانا چاہتا ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سلیکٹرز نے عدنان اکمل اور محمد رضوان کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا لیکن وہ دونوں وکٹ کیپرز کی پرفارمنس سے زیادہ مطمئن دکھائی نہیں دیتے۔



ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے کپتان مصباح الحق سے مشاورت کے بعد چیف کوچ واٹمور کو ٹاسک دیا کہ وہ عمر اکمل کی وکٹ کیپنگ میں کارکردگی کا جائزہ لے کر رپورٹ دیں، پی سی بی تھنک ٹینک کی طرف سے ملنے والی ہدایات کے بعد واٹمور نے گزشتہ روز الگ سیشن میں عمر اکمل کو وکٹ کیپنگ کی بھر پور پریکٹس کرائی، فیلڈنگ کوچ جولین فاؤنٹین بھی انھیں کیچز کی مشق کرانے میں پیش پیش رہے۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں چیف کوچ کی رپورٹ عمر اکمل کو وکٹ کیپر بیٹسمین کے طور پر ویسٹ انڈیز لے جانے کا فیصلہ کرے گی، عدم اتفاق کی صورت میں عدنان اکمل اور محمد رضوان میں سے کسی ایک کو بھجوایا جائے گا۔

عمران فرحت، شعیب ملک، کامران اکمل، عبدالرحمان اور احسان عادل کو ڈراپ کیا جارہا ہے، احمد شہزاد اور حارث سہیل کی ٹیم میںشمولیت ہوگی۔ ناقص کارکردگی کے باوجود محمد حفیظ ٹوئنٹی20 کرکٹ میں قیادت کی ذمہ داری نبھائیں گے، مختصر طرزکے میچوں کی سیریز کیلیے سہیل تنویر اور رضا حسن بھی اسکواڈ کا حصہ بننے کے مضبوط امیدوار ہیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے صاحبزادے عثمان قادر کو 16ویں کھلاڑی کی حیثیت سے کیریبیئن جزائر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم دورے میں 5 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں