ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کیلیے مصباح کی کوچ سے مشاورت

دیگر اسپیشلسٹ بیٹسمینوں کی موجودگی میں ایسا فیصلہ مشکل ہوگا، کپتان


Sports Reporter July 03, 2013
دیگر اسپیشلسٹ بیٹسمینوں کی موجودگی میں ایسا فیصلہ مشکل ہوگا، کپتان۔ فوٹو: فائل

مصباح الحق نے ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کیلیے کوچ ڈیوواٹمور سے مشاورت شروع کر دی،کپتان کے مطابق دیگر اسپیشلسٹ بیٹسمینوں کی موجودگی میں یہ مشکل فیصلہ ہوگا تاہم اس ضمن میں بات چیت کررہا ہوں۔

انھوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ مضبوط کرنے کے ساتھ اے اور جونیئرٹیموں کے ٹورز کی تعداد بڑھانے پر بھی زور دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ٹاپ آرڈر کی مسلسل ناکامیوں کے بعد کئی سابق ٹیسٹ کرکٹرز کا اصرار ہے کہ مصباح الحق ابتدائی نمبرز پر بیٹنگ کا چیلنج قبول کرلیں تو ٹیم کے مسائل میں کچھ کمی ہوسکتی ہے۔

ایک انٹرویو میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اس حوالے سے کہا کہ محمد حفیظ، ناصر جمشید،اسد شفیق اور یونس خان جیسے اسپیشلسٹ بیٹسمینوں کی موجودگی میں ایسا کوئی قدم اٹھانا درست نہیں محسوس ہوتا تاہم اس ضمن میں کوچ ڈیو واٹمور سے مشاورت کررہا ہوں۔



انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر بیٹنگ پرفارمنس میں تسلسل لانے کیلیے بورڈ کو ڈومیسٹک کرکٹ کا معیار بہتر کرنا چاہیے ، اسی کے ساتھ اے اور انڈر 19 ٹیموں کے زیادہ غیر ملکی ٹورزکا اہتمام کرنا مناسب رہے گا، کپتان نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ موجود لیکن اسے نکھارنے کیلیے پلیئرز کو جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور آسٹریلیا میں کھیلنے کے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں، مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے کے عادی بیٹسمین ایسی مشکلات محسوس نہیں کریں گے جن کا سامنا ہمیں چیمپئنز ٹرافی میں کرنا پڑا۔

مصباح الحق کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی20 اور عالمی کپ 2015 کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایسے نئے کھلاڑیوں کو گروم کرنے کی ضرورت ہے جو توقعات کے مطابق پرفارم کرسکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں