شرابی سری لنکن کرکٹر نے بھرے جہاز میں تھرتھری مچادی

35 ہزارفٹ کی بلندی پر واش روم سمجھ کرطیارے کا دروازہ کھولنے کیلیے زور آزمائی


Sports Desk July 03, 2013
عملے نے قابو کیا، وزیر اطلاعات کے بیٹے رامبوک ویلا کیخلاف بورڈ تحقیقات کریگا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: سری لنکا کے شرابی کرکٹر نے بھرے جہاز میں تھرتھری مچادی، 35 ہزار فٹ کی بلندی پر ایئرکرافٹ کا دروازہ کھولنے کیلیے زورآزمائی کی۔

229 مسافروں کے چہروں پر ہوائیاں اڑنے لگی، عملے نے فوری طور پر قابو میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق سینٹ لوشیا سے لندن کے گیٹوک ایئرپورٹ کی جانب گامزن برٹش ایئرویز کے طیارے پر اس وقت افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی، جب سری لنکا اے کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی نے اچانک اٹھ کر دروازہ کھولنے کیلیے زور لگانا شروع کردیا، جہاز میں 229 مسافر سوار جبکہ وہ اس وقت لندن سے دو گھنٹوں کی دوری پر 35 ہزار فٹ کی بلندی پر محو پرواز تھا۔

مذکورہ پلیئر نشے میں دھت دکھائی دے رہا تھا، پہلے تو کسی کی سمجھ میں نہیں آیا کہ آخر یہ کرکیا رہا ہے، جب اس نے دروازے کو دھکے دینا شروع کیے تو مسافروں کے ہوش اڑگئے، فوری طور پر جہاز کا عملہ بھاگتا ہوا آیا اور اسے قابو کیا جس پر اس نے بتایا کہ وہ ٹوائلٹ جانا چاہتا ہے مگر دروازہ نہیں کھل رہا۔



قریب میں موجود ایک مسافر شارلین فرانسک نے بتایا کہ اس شخص نے اپنے ساتھیوں کی طرح بلو پولو ٹیم شرٹ پہن رکھی تھی جس پر سری لنکا کا نام جگمگا رہا تھا، اسے دروازہ کھولتا دیکھ کر میری والدہ کی حالت خراب ہونے لگی، اس کے ساتھی کھلاڑی بھی چلا کر اسے روک رہے تھے، شکر ہے کہ یہ دروازہ کھلا نہیں۔ برٹش ایئرویز کے ترجمان نے اسے معمولی واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا عملہ اس طرح کے لوگوں کو کنٹرول کرنا جانتا ہے، ہم نے مسافروں کو ایک بار پھر یہ یاددہانی کرائی کہ دوران پرواز جہاز کے دروازے کھولنا ممکن ہی نہیں ہے۔

ادھر سری لنکن میڈیا کے مطابق مذکورہ پلیئر کا نام کیہیلیا رامبوک ویلا اور وہ سری لنکن وزیراطلاعات رامتھ کا سرکش بیٹا ہے۔ سری لنکا کرکٹ کے سیکریٹری نشانتھا رانا ٹنگا کا کہنا ہے کہ بورڈ ٹیم منیجر کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مذکورہ پلیئر کے خلاف کارروائی کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں