نیشنل گیمز ٹینس نے اسلام آباد کو بھی گولڈ میڈل دلادیا

مینز اور ویمنز نیٹ بال میں سندھ کا پہلا نمبر، آرمی نے 77 طلائی تمغے جیت کر مقابلوں میں پوزیشن مستحکم بنا لی.

5ہزار میٹر ریس میں نوشادکامیاب، مینز اور ویمنز نیٹ بال میں سندھ کا پہلا نمبر، آرمی نے 77 طلائی تمغے جیت کر مقابلوں میں پوزیشن مستحکم بنا لی۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

نیشنل گیمز میں ٹینس نے میزبان اسلام آباد کو بھی پہلا گولڈ میڈل دلا دیا،5ہزار میٹر ریس نوشاد نے جیت لی،نیٹ بال کے دونوں ایونٹس میں سندھ پہلے نمبر پر رہا، مقابلوں میں آرمی نے 77 گولڈ میڈل جیت کر پوزیشن مستحکم بنالی۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ٹینس میں میزبان اسلام آباد نے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا،احمد چوہدری نے ایئر فورس کے ثنا اللہ کو سخت مقابلے کے بعد 7-2،2-6اور6-3سے شکست دی،آرمی کے ہیرا عاشق تیسرے نمبر پر رہے۔ جوڈو مقابلوں میں ریلویز کے کھلاڑیوں نے آرمی کو ٹف ٹائم دیا اور سونے کے 3تمغے اپنے نام کرلیے۔ ویٹ لفٹنگ 94کلو گرام کیٹیگری میں آرمی کے سلمان بشیر نے265کلو گرام وزن اٹھا کر گولڈ میڈل حاصل کیا،اسد طلال نے سلوراور خیبر پختونخواکے عامر نواز برانز میڈل پانے میں کامیاب رہے۔ 85کلو گرام میں آرمی کے رمیش فاتح رہے، پنجاب کے سلمان عقیل بٹ نے دوسری اور رشید خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی، 77کلوگرام میں آرمی کے شاہد سلطان سرفہرست ، پنجاب کے عمر بشیر دوسرے اورمحمد عارف (سندھ) تیسرے نمبر پر رہے۔




ویمنز نیٹ بال فائنل میں سندھ نے آرمی کو 24-16سے شکست دی، پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مینز فائنل میں سندھ نے پنجاب کو سخت مقابلے کے بعد 24-20سے ہرایا۔ 28کلومیٹر خواتین کی سائیکلنگ ریس میں آرمی نے سونے، چاندی اور کانسی کے میڈلز حاصل کرلیے۔اتھلیٹکس خواتین لانگ جمپ میں پنجاب کی جوریہ کرن نے4.54میٹر کے ساتھ سونے، پنجاب ہی کی ملان خان نے چاندی اور آرمی کی سدرہ بشیر نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ ہیمر تھرو میں ریلویز کی عابدہ چنگیزی فاتح رہیں، آرمی کی کوسین طاہرہ اور سجادہ نے چاندی اور کانسی کے تمغے پائے۔ 400میٹر ہرڈلزریس میں آرمی کے حسین نے 53.46سیکنڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، ایئر فورس کے غلام مصطفیٰ دوسرے اور آرمی کے محبوب علی تیسرے نمبر پر رہے۔

تیر اندازی میں ایئرفورس کے ندیم اشرف اورظریف ،فاٹا کے محسن جمال اور پنجاب کی خاتون کھلاڑی ہما نے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا۔ مقابلوں کے چوتھے روز آرمی نے 77گولڈ 52سلور اور 22 برانز میڈل کے ساتھ پوزیشن مستحکم بنالی، دوسرے نمبر پر موجود پنجاب کے مجموعی تمغے 47 ہیں، ان میں10سونے، 15چاندی اور 22کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ نیوی نے 6گولڈ ، 13چاندی اور22کانسی کے میڈلز حاصل کیے ہیں، ریلویز کے 5 طلائی، 4 چاندی اور 6 کانسی کے تمغے ہیں، ایئر فورس 4گولڈ ، 2سلور اور3برانز میڈلز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔ سندھ کے گولڈ میڈلزکی تعداد 3ہو گئی۔
Load Next Story