دہشتگردی کیخلاف جنگ صرف افواج پاکستان نے لڑی ہے طاہرالقادری

فکرکومتوازن کرنے کیلیے کام نہیں کیا گیا، ایک محاذ پرلڑنے سے دہشتگردی ختم نہیں ہوگی، سربراہ پاکستان عوامی تحریک


Monitoring Desk December 09, 2018
591 کتابیں شائع ہو چکیں، 8 سال قرآن مجید کا مطالعہ کیا، ’’ سینٹر اسٹیج‘‘ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف افواج پاکستان نے لڑی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''سینٹر اسٹیج'' میں میزبان رحمان اظہر سے گفتگوکرتے ہوئے طاہر القادری نے کہاکہ میرا ہمیشہ فوکس پاکستان اور پاکستان سے باہر امت مسلمہ اور نوجوان نسلوں کے کردار، عقیدے ، فکراورپاکستانی اور اسلامی تہذیب و ثقافت کوبچانے کی فکرمیں رہاہے۔

طاہر القادری نے بتایا کہ اب تک میری 591کتابیں شائع ہو چکی ہیں، میں نے 8 سال قرآن کی اسٹڈی کی اس کے سیاسی، معاشی، اقتصادی، سماجیات اور تہذیبیات کے تناظر میں، فقہ، تفسیر، قانون، اسلامی قوانین، اقتصادیات، معاشیات، سماجیات، تہذیبیات، اخلاقیات، سیرت النبی میں نے اسلام کے حوالے سے5مختلف موضوعات پر کتابیں لکھیں ان میں سب سے اہم قرآن کاترجمہ تھا کیونکہ آپ صرف قْرآن پڑھ کر اس کی آیت کومکمل نہیں سمجھ سکتے اس کیلئے تفسیرکی طرف جاناپڑتا ہے۔

طاہر القادری نے کہا کہ میں نے عام آدمی کا ڈائریکٹ قرآن سے تعلق جوڑ کر علما کی اجارہ داری ختم کر دی ہے،دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف افواج پاکستان نے لڑی ہے بندوق لے کرصرف ایک محاذ پرلڑنے سے دہشتگردی ختم نہیں ہوگی بلکہ صرف دہشتگرد دب جائیں گے، ہم نے کبھی فکرکومتوازن کرنے کے لیے کام نہیں کیا،ہم نے نصاب تعلیم میں آج تک اسلام کا تصور اعتدال نہیں ڈالا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں