ای او بی آئی پنشن میں 20 فیصد اضافے کی سمری ارسال

وزارت خزانہ نے 10فیصد، زلفی بخاری نے مزید 10فیصد اضافے کا اعلان کیا، عملدرآمد نہ ہوسکا


Irshad Ansari December 09, 2018
وزارت خزانہ نے 10فیصد، زلفی بخاری نے مزید 10فیصد اضافے کا اعلان کیا، عملدرآمد نہ ہوسکا۔ فوٹو؛ فائل

وفاقی حکومت نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس(ای او بی آئی) کے پنشنرزکی کم ازکم پنشن میں 20 فیصداضافہ کی سمری منظوری کیلیے وزیراعظم کو بھجوادی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے ایمپلائزاولڈ ایج بینیفٹس (ای او بی آئی) پنشنرزکی کم ازکم پنشن بڑھا کر ساڑھے 6 ہزار روپے کرنے کے فیصلے پر تاحال اطلاق نہیں ہوسکا جس کے باعث 3 لاکھ 97 ہزار سے زائدای او بی آئی پنشنرزمیں بے چینی پائی جاتی ہے۔

اس بارے میں وزارت اوورسیز پاکستانیز کے ترجمان ذویب شیخ نے ''ایکسپریس''کوبتایا کہ ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں بیس فیصد اضافہ کی سمری چند روز قبل منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوادی ہے منظوری کے بعد جلد اضافہ کا اطلاق کردیا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے ای اوبی آئی پنشنرز کی پنشن میںدس فیصداضافہ کی منظوری دی تھی اسکے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری (ذلفی بخاری) نے مزیددس فیصد اضافہ کااعلان کیاتھاجس کی ای او بی آئی بورڈ نے باقاعدہ منظوری دیدی ہے۔

واضح رہے کہ پنشن میں بیس فیصد اضافے کے بعد کم از کم پنشن چھ ہزار تین سواسی روپے کے لگ بھگ بنتی ہے اس لئے وزیراعظم کوجوسمری بھجوائی گئی اس میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ ای او بی آئی پنشنزکی پنشن میں بیس فیصد اضافہ کے بعدکم از کم پنشن چھ ہزار تین سو اسی روپے کی بجائے ساڑھے چھ ہزارروپے کردی جائے۔ اس اقدام سے ای او بی آئی کے تین لاکھ ستانوے ہزار سے زائد پنشنرز کو ریلیف ملے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں