بھارتی تاجر کے قتل کے الزام میں معروف ٹی وی اداکارہ دیبولینا زیر حراست

مقتول تاجر راجیشور کیشوری لال اودانی کی لاش پنویل کے جنگلوں سے ملی ہے، بھارتی میڈیا

قتل کے الزام میں زیر حراست اداکارہ دیبولینا سے لگاتار پوچھ تاچھ کا سلسلہ جاری ہے فوٹوفائل

بھارتی ٹی وی کی سنسکاری بہو کے نام سے مشہور اداکارہ دیبولینا بھاٹاچاریا کو بھارتی تاجر کے قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین ڈراما سیریل 'ساتھ نبھانا ساتھیا' کی سنسکاری بہو 'گوپی' کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ دیبولینا بھاٹاچاریا کو آسام پولیس نے بھارتی تاجرراجیشور کیشوری لال اودانی کے قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا۔ اداکارہ پر بھارتی تاجر کے قتل میں شامل ہونے کا الزام ہے۔ اداکارہ دیبولینا کے ساتھ سابق بی جے پی رہنما سچن پاور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ دیبولینا کو ممبئی کے علاقے گھاٹ کوپر کے پینٹ نگر پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے جہاں ان سےلگاتار پوچھ تاچھ کا سلسلہ جاری ہے۔ اداکارہ دیبولینا کا مقتول تاجر راجیشور کے قتل سے کیا لینا دینا ہے اس حوالے سے پولیس حکام نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، تاہم انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی مزید خواتین کو بھی اسی کیس سے متعلق پوچھ تاچھ کے لیے ثمن جاری کیے گئے ہیں۔




57 سالہ ہیروں کے تاجر راجیشور کیشوری لال اودانی گزشتہ ماہ 28 نومبر سے لاپتہ تھے 29 نومبر کو ان کی بیٹی نے اپنے والد کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرائی جس کے بعد ان کی تلاش شروع کی گئی بعد ازاں مقتول تاجر کی لاش 5 دسمبر کو مہاراشٹرا کے علاقے پنویل کے جنگلوں سے ملی تاہم ان کے جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول تاجر کے فون ریکارڈ سے پتہ چلا ہے کہ راجیشور نا صرف مختلف کلبز میں جاتے تھے بلکہ ان کے کئی خواتین کے ساتھ تعلقات بھی تھے جن میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی خواتین بھی شامل ہیں۔
Load Next Story