کراچی میں انسداد تجاوزات مہم کے دوران زیادتیوں کا ازالہ کریں گے وزیراعظم

کمیٹی بنائی جائے گی جو متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے سفارشات مرتب کرے گی، عمران خان


ویب ڈیسک December 09, 2018
حکومت کی درآمدات اور برآمدات میں فرق کو کم کرنے پر بھر پور توجہ ہے، وزیراعظم فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انسداد تجاوزات مہم میں جن لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی حکومت اس کا ازالہ کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان کراچی کے دورے پر پہنچے تو ایئرپورٹ پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے استقبال کیا، جس کے بعد گورنر ہاؤس میں وزیراعظم اور گورنر کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں اسٹاک مارکیٹ کے وفد نے چیئرمین سلیمان مہدی جب کہ کراچی چیمبر آف کامرس کے وفد نے سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں وزیر اعظم سے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنی ترجیحات اور پالیسی واضح کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ اور تحفظ دینا چاہتے ہیں، تاجر ہمیں تجاویز دیں، انسداد تجاوزات مہم میں جن لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی، حکومت ان متاثرین کا ازالہ کرے گی، کمیٹی بنائی جائے گی جو متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ایک مختلف سوچ لے کر آئی ہے، بیرون ممالک کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں اور ملک میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی درآمدات اور برآمدات میں فرق کو کم کرنے پر بھر پور توجہ ہے، کاروبار کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، حکومت کی پوری مالیاتی ٹیم کے ساتھ آیا ہوں تاکہ کاروباری افراد کے مسائل سن سکوں اوران کا فوری حل نکالا جاسکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں، صرف سرمایہ کار دوست ماحول کی ضرورت ہے ملک اسی وقت ترقی کرے گا جب کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا مکمل خاتمہ کریں گے، بہت جلد اس مشکل وقت سے نکل آئیں گے۔


کراچی چیمبر کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے بتایا کہ وزیر اعظم نے 50 سال پرانی لیز والوں کے لیے پٹیشن دائر کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کراچی چیمبر نے گیس کی کمی کے معاملے کو بھی اٹھایا اور وزیراعظم کو بتایا کہ گیس بند کرنے سے صنعتیں بند ہوجائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں