بجلی کی طویل بندش مشتعل عوام کا ناظم آباد گول مارکیٹ پر احتجاج

بلدیہ ٹاؤن کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی، عوام کو مزید ایک دن پریشانی ہوگی،ترجمان


Staff Reporter July 03, 2013
کراچی: ناظم آباد میں نذر آتش کی جانیوالی کے ای ایس سی کی گاڑی جائے وقوع پر پڑی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

بجلی کی طویل بندش کیخلاف مشتعل مظاہرین نے ناظم آباد گول مارکیٹ کے قریب KESC کے آفس میں توڑ پھوڑ کی اور ایک ٹرک نمبر KH-6941 کو آگ لگا دی۔

مشتعل مظاہرین نے ناظم آباد اور لسبیلہ چوک پر ٹائر بھی نذر آتش کیے۔ کے ای ایس سی ترجمان کا کہنا ہے کہ 220KV بلدیہ ٹاؤن کی ٹرانسمیشن لائن فنی خرابی کے باعث ٹرپ کر گئی ، متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی کی کوشش جاری ہے، صارفین کو مزید ایک دن پریشانی اٹھانی پڑے گی۔ ناظم آباد کے مکینوں نے ایکسپریس کو بتایا کہ دوپہر ایک بجے سے علاقے میں بجلی نہیں تھی، رات10بجے جب بجلی آئی تو اس کا وولٹیج اتنا کم تھا کہ متعدد لوگوں کے فرج ، پنکھے اور الیکٹرانک کی دیگر چیزیں خراب ہو گئیں،تھوڑی ہی دیر بعد دوبارہ لائٹ چلی گئی۔



مکینوں کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے علاقے کی بجلی بحال نہیں کر دی جاتی وہ احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ پاک کالونی لسبیلہ اور شادمان ٹاؤن میں بھی بجلی کی طویل بندش کے خلاف مظاہرین نے سڑک پر پتھراؤ کر کے ٹریفک معطل کرا دیا اور ٹائر جلائے۔ ٹرانسمیشن لائن کی فنی خرابی کے باعث بلدیہ ٹاؤن ، اورنگی ٹاؤن ، ناظم آباد ، لیاقت آباد ، فیڈرل بی ایریا ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، جیل روڈ ، جمشید روڈ ، عزیز آباد ، نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن کے علاقے متاثر ہوئے ہیں تاہم متعدد علاقوں میں عارضی طور پر بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں