صدر روحانی کا امریکا کے خلاف سخت لہجہ

امریکی پابندیاں ایرانی عوام پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقتصادی دہشت گردی ہے، ایرانی صدر


Editorial December 10, 2018
امریکی پابندیاں ایرانی عوام پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقتصادی دہشت گردی ہے، ایرانی صدر۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD: ایران کے صدر حسن روحانی نے گزشتہ روز تہران میں پاکستان' چین' روس' ترکی' افغانستان اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرز کی کانفرنس سے خطاب میں سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر پابندیاں عائد کرنا اقتصادی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔

ایرانی صدر نے امریکا کی پابندیوں کو غیر قانونی اور ناانصافی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی پابندیاں ایرانی عوام پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقتصادی دہشت گردی ہے جس کا غیور ایرانی عوام سینہ تان کر مقابلہ کریں گے اور ظلم کے آگے سر نہیں جھکائیں گے ، امریکی اقتصادی دہشت گردی کا مقصد افراتفری اور بے یقینی کی صورت حال پیدا کرنا ہے تاکہ دیگر ممالک ایران میں سرمایہ کاری سے خوف زدہ ہو جائیں اور جب تجارت نہیں ہوگی تو ملک زبوں حالی کا شکار ہوجائے گا ، ایرانی معیشت کو بحرانی کیفیت کا سامنا نہیں ہے ، ایرانی عوام کے ساتھ مل کر ملک کی معاشی گاڑی کی رفتار مزید تیز ہو گی جس کے لیے دوست ممالک کا تعاون بھی حاصل ہے۔

ایران اور امریکا کے تعلقات میں کشیدگی برسوں سے جاری ہے' امریکا نے ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کیے رکھیں تاہم صدر بارک اوباما نے ایران کے ساتھ نیو کلیائی معاہدہ کیا تھا جس سے یہ امید پیدا ہوئی کہ اب یہ کشیدگی ختم ہو جائے گی لیکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برسراقتدار آ کر اس ڈیل کو ختم کر دیا اور ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کر دیں' یوں دونوں ملکوں میں ایک بار پھر کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ روز ایران کے دارالحکومت تہران میں جو اسپیکرز کانفرنس ہوئی ہے' یہ بھی امریکا اور یورپی یونین کو یہ پیغام دیتی ہے کہ روس' چین' ایران' ترکی' پاکستان اور ایران صورت حال کا گہری نظر سے جائزہ لے رہے ہیں اور مستقبل میں یہ ممالک نیا اتحاد بھی قائم کر سکتے ہیں۔

اس کا اشارہ ایرانی صدر حسن روحانی کے ان الفاظ میں ملتا ہے جن میں انھوں نے کہا کہ ہم سب کو سزا دی جا رہی ہے۔ انھوں نے پاکستان کے لیے امریکا کی امداد کی بندش کا بھی ذکر کیا اور چین پر تجارتی دباؤ کا حوالہ بھی دیا۔ انھوں نے ترکی پر دباؤ کا ذکر بھی کیا اور روس کو دھمکانے کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ جب امریکا ایران پر پابندیاں عائد کرتا ہے تو اس کا مطلب یہی ہے کہ وہ ہم سب کو سزا دے رہا ہے۔حالات سے یہی لگتا ہے کہ اس خطے کے ممالک امریکا اور مغربی یورپ کے معاشی استحصال سے چھٹکارہ پانا چاہتے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ ممالک عالمی تنازعات میں اپنی پوزیشن کا دفاع کرنے کے قابل ہوسکیں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں