آسٹریا نے امریکی رازافشا کرنے والے امریکی خفیہ ایجنسی کے اہلکارایڈورڈ اسنوڈن کی موجودگی کےشک پر بولیویا کے صدر کا طیارہ اتروالیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپ کے مختلف ملکوں کو یہ اطلاع دی گئی تھی کہ روس کے دورے سے واپسی پر بولیویا کے صدر کے طیارے میں ایڈورڈ اسنوڈن بھی موجود ہے جس پر فرانس اور پرتگال نے طیارے کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہیں دی تاہم آسٹریا کے حکام نے طیارے کو زبردستی اتروا کر اس کی تلاشی لی۔
بولیویا نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہیں جانتے تھے کہ طیارے میں ایڈورڈ سنوڈن کی موجودگی کی اطلاع کس نے پھیلائی تاہم ان کے ملک کے سربراہ کا طیارہ زبردستی اتروانا کسی بھی طور ٹھیک نہیں اور ان کا ملک اس اقدام کی مذمت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی حکومت کو مطلوب سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن اس وقت ماسکو کے ہوئی اڈے پر موجود ہے اور اس نے سیاسی پناہ کے لئے کئی ملکوں کو درخواستیں دے رکھی ہیں تاہم کسی بھی ملک نے انہیں پناہ دینے کی حامی نہیں بھری۔