جنوبی افریقی لیگ بھی سٹہ مافیا کی ہٹ لسٹ پر آگئی

ڈربن کے کنگسمیڈ کرکٹ اسٹیڈیم سے 2 بدنام زمانہ برطانوی جواری دھر لیے گئے


Sports Desk December 11, 2018
پچ سائیڈنگ میں پکڑے جانے والے دونوں شخص35، 35 ڈالر دے کر ضمانت پر رہا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: جنوبی افریقی سپرلیگ بھی سٹہ مافیا کی ہٹ لسٹ پر آگئی، ڈربن کے کنگسمیڈ اسٹیڈیم سے 2 بدنام زمانہ برطانوی پکڑے گئے۔

جنوبی افریقہ میں جاری مزانسی سپر لیگ بھی سٹے بازوں کی نظر میں آگئی ہے۔ گزشتہ دنوںکنگسمیڈ اسٹیڈیم میں ڈربن ہیٹ اور جوزی اسٹارز کے میچ میں ممکنہ طور پر 2 افراد کو 'جوئے سے متعلق سرگرمی' میں ملوث ہونے پر حراست میں لیا گیا، ان پر کھیل میں مداخلت کا الزام عائد ہوا مگر بعد میں ضمانت بھی ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق دونوں برطانوی شہریت کے حامل اور ان کی عمریں بالترتیب34 اور 35 برس ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں اس سے قبل بھی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پائے جاچکے،ان کا نام ایسے افراد کی فہرست میں شامل ہے جن پر دنیا بھر کے کرکٹ اسٹیڈیمز میں انٹرنیشنل میچز کے دوران شرکت پر پابندی ہے۔ یہ دونوں ہاسپٹلٹی سوئٹ میں بیٹھ کر میچ سے لطف اندوز ہورہے تھے۔ اس سے قبل ٹورنامنٹ کے آغاز پر بھی 2 افراد کو مشکوک سرگرمیوں پر حراست میں لیا گیا تھا۔

کرکٹ جنوبی افریقہ کے چیف ایگزیکٹیو تھابنگ موروئے کا کہنا ہے کہ یہ افراد دراصل پچ سائیڈنگ سے میچ کی معلومات اور ڈیٹا غیرقانونی سٹہ مافیا تک پہنچاتے ہیں، ہم نے تماشائیوں سے بھی مشکوک افراد پر نظر رکھنے کی درخواست کی ہے۔

گرفتار ہونے والے دونوں افراد خود کو بزنس مین بتاتے ہیں، ان کی 35، 35 ڈالر کے عوض ضمانت بھی ہوگئی،وکیل رائے سنگھ نے کہاکہ اگر میرے موکلین پر اسٹیڈیمز میں داخلے پر ہی پابندی عائد تھی تو پھر ان کو اس مقابلے کیلیے ٹکٹ ہی کیوں فروخت کیے گئے، میں نے پولیس اسٹیشن میں آفیشلز پر ثابت کردیا کہ ان کے جوئے یا میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے، میں عدالت میں بھی ان دونوں کا کیس لڑوں گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔