آئیے ہاتھ اٹھائیں ہم بھی رسمِ دعا یاد ہو نہ ہو

کچھ عام، صاف ستھری اور بے ضرر سی دعائیں جن کا کوئی دوسرا ’’مخفی‘‘ مفہوم اخذ نہ کیا جائے


سلمان نثار شیخ December 11, 2018
کچھ عام، صاف ستھری اور بے ضرر سی دعائیں جن کا کوئی دوسرا ’’مخفی‘‘ مفہوم اخذ نہ کیا جائے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

تمام اہل پاکستان سے درخواست ہے کہ ہر سطر کے بعد آمین کہیں!

یااللہ اس ملک کے ہر شخص کو اپنا اپنا کام کرنے کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر شخص کو پرائی شادی میں عبداللہ دیوانہ بننے سے اجتناب کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر شخص کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے تناظر میں یکسو لگن عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر شخص کو دوسروں کی ٹانگیں کھینچنے سے اجتناب کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر شخص کو اپنے مقاصد کے ایماندارانہ انتخاب کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر شخص کو ایمانداری سے فرائض انجام دینے کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر استاد کو صرف بچوں کو پڑھانے اور اپنے مضمون میں اپنی قابلیت کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر ڈاکٹر کو صرف مریضوں کے علاج پر دھیان دینے اور اپنی طبی استعداد کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر ہنرمند کو اپنے ہنر میں نکھار لانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کرنے پر مائل فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر ہنرمند کو اپنے ہنر کو انسانیت کی بہتری کیلئے استعمال کرنے کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر پیشہ ور کو اپنے پیشے سے انصاف کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر اہلکار، افسر کو سیاست کے بجائے اپنے کام میں مہارت اور سبقت لے جانے کا مشتاق بنا!

یااللہ اس ملک کے ہر اہلکار، افسر کو اپنے گھر پر کمند اچھالنے، اس کی چھت میں شگاف ڈالنے سے باز رکھ!

یااللہ اس ملک کے ہر اہلکار، افسر کو مخدوم سے خادم بنا!

یااللہ اس ملک کے ہر سیاستدان کو صرف سیاست کرنے کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر سیاستدان کو ایمانداری کی دولت سے مالامال فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر سیاستدان کو پوری اہلیت سے اپنے فرائض انجام دینے کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر سیاستدان کو اپنے فرائض بروقت انجام دینے کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر سیاستدان کو زورِ کلام سے زیادہ زورِ بازو، عمل اور کردار پر انحصار کا عادی بنا!

یااللہ اس ملک کے ہر منصف کو انصاف کرنے کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر منصف کو حق پرست بنا!

یااللہ اس ملک کے ہر منصف کو خوف خدا کے سوا ہر خوف سے رہائی عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر منصف کو اپنے نفس کی غلامی سے رہائی عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر منصف کو تعصبات سے بالاتر فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر منصف کو بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ بننے سے اجتناب کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر سپاہی کو ایمان، عزم، شجاعت، بے غرضی اور مقصد کی ایمانداری سے سرفراز فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر سپاہی کو اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنے اور دوسروں کے کاموں سے توجہ ہٹائے پر مائل فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر محافظ کو اپنے نفس، نفسانی خواہشات اور ذاتی تعصبات سے بالاتر فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر شخص کو علم حاصل کرنے کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر شخص کو دیانتدار قیادت کے انتخاب کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر شخص کو جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہنے کی توفیق عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر لاپتا شخص کو بازیاب فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر مظلوم کو ظلم برداشت کرنے سے انکار کی سکت عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر ظالم کو ہدایت عطا فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر ظالم کو ظلم کرنے کی صلاحیت سے محروم کر!

یااللہ اس ملک کے ہر سرمایہ دار، جاگیردار، صنعتکار، دکاندار، کاروباری و ملازمت پیشہ افراد و دیگر پیشہ وروں کو ریاست کے اندر ریاست بنانے اور چلانے کی صلاحیت سے محروم فرما!

یااللہ اس ملک کے ہر بے وسیلہ کو باوسیلہ کر!

یااللہ اس ملک کے ہر بے توقیر کو توقیر عطا فرما!

آمین یا رب العالمین!

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں