سابق اولمپئنز نے وزیر اعظم سے قومی کھیل کی تباہی کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کر دیا . فوٹو: فائل
پاکستان ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ میں بدترین شکست پر سابق کھلاڑی برس پڑے اور وزیر اعظم سے قومی کھیل کی تباہی کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کر دیا۔
سابق اولمپئن نوید عالم کا کہنا ہے کہ آج ملکی ہاکی کا سیاہ دن ہے، ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، بیلجیم سے شرمناک شکست سے دو چار ہو کر ورلڈ کپ کی دوڑ سے بھی باہر ہو گئی۔
نوید عالم نے کہا کہ کئی برسوں سے ہاکی فنڈز ذاتی جبیوں میں جارہے ہیں جس کا نتیجہ آج قوم نے دیکھ لیا، کرپشن کے خلاف متحرک ادارے پاکستان ہاکی کی بدحالی کا بھی جائزہ لیں۔
نوید عالم کا مزید کہنا تھا کہ جو 4 سال بویا تھا وہ آج کاٹ لیا، میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کی کارکردگی سے سر شرم سے جھک گئے ہیں، ہاکی پاکستان کی عزت و توقیر تھی، چند لوگوں نے دنیا بھر میں رسوا کرادیا، وزیر اعظم سے مطالبہ ہے کہ وہ فوری طور پر ہاکی کی تباہی کا نوٹس لیں۔
سابق کپتان محمد ثقلین نے کہا کہ پاکستان ہاکی کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے، جب تک جواب طلبی نہیں ہوگی، ہاکی میں بہتری نہیں آسکتی۔