کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کا سندھ اسمبلی کے سامنے احتجاج

حکومتی اشتہارات کی ادائیگیاں اخبارات کو براہ راست کی جائیں، مظاہرین کا مطالبہ


ویب ڈیسک December 11, 2018
اخبارات کے واجبات اور اشتہارات کا طریقہ کار شفاف بنایا جائے، سی پی این ای (فوٹو ؛ این این آئی)

کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) سندھ حکومت کے خلاف احتجاج کے لیے سڑکوں پر آگئی اور مطالبہ کیا کہ حکومتی اشتہارات کی ادائیگیاں اخبارات کو براہ راست کی جائیں کیوں کہ اخبارات کے صوبائی واجبات کی ادائیگیاں سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق سی پی این ای اور صحافتی تنظیمیں سندھ حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بن گئیں، سی پی این ای کی جانب سے سندھ اسمبلی بلڈنگ کے سامنے کیے گئے پرامن مظاہرے میں سی پی این ای کے عہدے داروں، اخبارات کے ایڈیٹرز، پی ایف یو جے، کے یو جے اور دیگر صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور اشتہاری ایجنسیوں کے خلاف نعرے لگائے گئے۔


سی پی این ای کے عہدے داروں نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی آگہی کے نام پر اشتہاری ایجنسیوں کے ذریعے قومی خزانے کو لوٹا گیا، اشتہاری ایجنسیاں سندھ حکومت سے رقم بٹورنے کے باوجود اخبارات کو ادائیگیوں سے انکاری ہیں؟ ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے اخباری صنعت مالی بحران کا شکارہے۔

مظاہرے کے بعد سی پی این ای کے وفد کی مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضٰی وہاب سے ملاقات کرائی گئی، انہوں نے مسائل کے حل کی ہر ممکن یقین دہانی کرائی۔

سی پی این ای نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومتی اشتہارات کی ادائیگیاں اخبارات کو براہ راست کی جائیں کیوں کہ واجبات کی ادائیگی سندھ حکومت کی ذمے داری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں