حیدرآباد میں بد امنی تاجروں نے احتجاج کا اعلان کر دیا

آج پریس کلب پر دھرنا دیں گے، لوٹ مار کی وارداتیں پولیس کی ناکامی ہے،سلیم وہرہ


Numainda Express July 04, 2013
اجلاس کے بعد انجمن تاجران حیدرآبادکے صدرسلیم حسین وہرہ کا کہنا تھا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، لوٹ مار اور ملنے والی بھتے کی پرچیوں کے بعد شہری اور تاجر دونوں عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

ISLAMABAD: حیدرآباد کی تاجر برادری نے شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور لوٹ مار کی وارداتوں کو پولیس کی ناکامی قراردیتے ہوئے اس کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا۔

تاجر برادری آج ( جمعرات) بدامنی کے خلاف پریس کلب کے سامنے علامتی دھرنا دے گی اس دوران آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ حیدرآبادمیں بڑھتی ہوئی بدامنی، لوٹ مار اور تاجروں کو ملنے والی بھتے کی پرچیوں خلاف انجمن تاجران کی میزبانی میں شہر بھر کی تاجر تنظیموں کا نمائندہ اجلاس سلیم حسین وہرہ کی زیرصدارت منعقدہوا۔

اجلاس میں انجمن تاجران حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری اکرام الدین گڈو، حیدرآباد الیکٹرونک ڈیلرزایسوسی ایشن کے صدر انورکندن، انجمن تاجران سٹی کالج روڈ کے چیئرمین یوسف میمن، آل حیدرآباد موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر حمید میمن، تاجران اناج منڈی کے صدر ہارون میمن، انجمن تاجران یونٹ نمبر سات کے صدر اسلم شیخ، انجمن تاجران فقیر کا پڑھ کے جنرل سیکریٹری محمد افضل، حیدرآباد صراف اینڈ جوئیلرز گروپ کے صدر آصف میمن، جامع کلاتھ مارکیٹ یونٹ نمبر8کے نمائندگان سروربنگش اور مبارک علی، انجمن تاجران تلک چاڑی کے ارشدملک، زکریا باوانی سمیت دیگر تاجر تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تاجر رہنما بڑھتی ہوئی بدامنی، لوٹ مار اور بھتے کی پرچیوں کے معاملے پر پولیس کے خلاف پھٹ پڑے ۔



ان کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت کراچی کے بعد حیدرآبادکا پرامن ماحول بھی خراب کیاجارہا ہے اور کراچی کی طرز پر اب بھتہ پرچیاں حیدرآباد کے تاجروں کوبھی ملنا شروع ہوگئی ہیں جوکہ تشویشناک عمل ہے۔ شرکاء نے اس بات پر بھی برہمی کااظہار کیا کہ بڑھتی ہوئی بدامنی اورلوٹ مار کی وارداتوں کے باعث شہری اور تاجر عدم تحفظ کاشکار ہیں لیکن پولیس نے تاحال کوئی اقدام نہیں کیے ۔ اجلاس بڑھتی ہوئی بدامنی، لوٹ مار اور بھتے کی پرچیوں کے خلاف احتجاج کا لائحہ عمل بھی ترتیب دیا گیا جس کا اعلان تاجر رہنما آج جمعرات کو حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کریں گے۔

اجلاس کے بعد ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے انجمن تاجران حیدرآبادکے صدرسلیم حسین وہرہ کا کہنا تھا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، لوٹ مار اور ملنے والی بھتے کی پرچیوں کے بعد شہری اور تاجر دونوں عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے صرف دلاسے دے رہی ہے۔ انکاکہنا تھاکہ تاجر برادری نے اپنا احتجاجی لائحہ عمل طے کرلیاہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں شہر بھر کے تمام بازاروں میں احتجاجی بینرز آویزاں کیے جائیں، دوسرے مرحلے میں شہر بھر کے بازاروں کی شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے، اگرپھر بھی پولیس بدامنی پر قابونہیںپاسکی توپھر شٹرڈاؤن ہڑتال کی جائے جبکہ اس کے بعد تاجروں اورشہروں کو تحفظ فراہم نہیں کیا گیا توپھر بحالت مجبوری تاجر برادری بھی اپنا لائسنسںیافتہ اسلحہ باہرنکال کر اپنا تحفظ خود کرے گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔