کنیریا کو شواہد کے باوجود بے گناہی پر اصرار مہنگا پڑا

فکسنگ میں ملوث رہنے کا جرم قبول نہ کرنے پر سزا میں کمی کی اپیل رد ہوئی


Sports Desk July 04, 2013
اسپنرپاکستانی شائقین کو بیوقوف بنانا چھوڑ کر غلطی تسلیم کریں، جائلز کلارک۔ فوٹو: فائل

لیگ اسپنر دانش کنیریا کو شواہد کے باوجود بے گناہی پر اصرار مہنگا پڑا، فکسنگ میں ملوث رہنے کا جرم قبول نہ کرنے پر سزا میں کمی کی اپیل رد ہوئی، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک نے بولرسے کہا کہ وہ اپنی غلطی تسلیم کریں اور پاکستانی شائقین کو بیوقوف بنانا چھوڑ دیں۔

تفصیلات کے مطابق انگلش بورڈ کے ڈسپلنری کمیشن کے غیرجانبدار پینل نے منگل کو فکسنگ میں ملوث لیگ اسپنر دانش کنیریا کی تاحیات پابندی کی سزا میں کمی کیلیے درخواست مسترد کردی تھی، اس کی وجہ ان کا شواہد کی موجودگی کے باوجود اپنی بے گناہی پر اصرار بنا۔

انگلش بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک نے اپنے بیان میں کہا کہ دانش کنیریا کیلیے یہی مناسب ہے کہ وہ کرپشن میں ملوث ہونے کے اپنے جرم کو تسلیم کرے، اسے پاکستانی شائقین کے ساتھ عام عوام کو بے گناہی کے کھوکھلے دعوؤں سے بیوقوف بنانا چھوڑ دینا چاہیے۔



انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس بات پر بڑا افسوس ہوا کہ دانش کنیریا نے غلطی تسلیم کی نہ ہی غلط حرکتوں پر کسی قسم کی ندامت ظاہر کی،اس کے خلاف ٹھوس شواہد موجود تھے جن کو دو الگ الگ خودمختار پینلز نے تسلیم کیا، ہم نے کنیریا سے کہا تھا کہ تم اپنی ماضی کی حرکتوں پر عوام سے معافی مانگو، کفارہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرپشن کے خاتمے کیلیے مدد کرو، کرکٹ کرپشن میں ملوث ذرائع کو بے نقاب کرنے کیلیے جنوبی ایشیا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کرو اور تحقیقات میں جن غیرقانونی بک میکرز کا ذکر آیا ان کے نام ظاہر کرو، مگر اس نے ایسا کچھ نہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔